کتاب: پرسکون گھر - صفحہ 10
قرآن و حدیث کی روشنی میں ان کا حل بھی پیش کیا ہے۔ اس کا مقصد لوگوں کے گھروں میں پیدا شدہ مسائل کو قرآن و حدیث کی روشنی میں حل کرنا ہے تاکہ لوگ دھوکا بازوں ، شعبدہ بازوں ، جادوگروں اور کاہنوں سے بچ جائیں اور ہر پریشانی میں صرف اور صرف اللہ وحدہ لا شریک کو ہی پکاریں جو ہر نبی ، ولی ، پیر کا رب ہے۔
اس کتاب کا مقصد ....
٭ گھروں میں راحت بھری زندگی لانا ۔
٭ ان واقعات سے عبرت حاصل کر کے اپنے گھروں کو ان پریشانیوں سے بچانا۔
٭ ان واقعات سے اپنے دلوں میں خوفِ الٰہی پیدا کرنا۔
کتاب کے لیے واقعات کم تھے اور ضرورت زیادہ۔ اس کے لیے دیگر اچھی اچھی کتب سے واقعات لیے گئے جن کے حوالہ جات ہر واقعہ کے بعد دے دیے گئے ہیں ۔ اس کام کا مشورہ اور ترتیب ہمارے بھائی حافظ ثناء اللہ نے دی۔ اللہ تعالیٰ ان کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے۔ اسی طرح ہم دوسرے علمائے کرام کے بھی ممنون ہیں جن کے تعاون اور مشوروں سے ادارہ علمی کتب لا رہا ہے۔
قارئین سے التماس ہے کہ اُن کی نظر میں اگر کوئی ایسا سچا واقعہ ہے جس سے دوسرے مسلمان بھائی عبرت حاصل کرسکیں تو براہِ کرم ہمارے پتہ پر پوسٹ کریں تاکہ ہم اسے کتاب کے دوسرے ایڈیشن میں شائع کر سکیں ۔
آپ کا بھائی
ابو ساریہ عبدالجلیل
٭٭٭