کتاب: پردہ - صفحہ 30
بے پردگی کے نقصانات عورت کے چہرے کو بے پردہ رکھنے کے بڑے بڑے نقصانات مندرجہ ذیل ہیں: (1)فتنے میں پڑنا عورت جب اپنے چہرے کو بے پردہ رکھتی ہے تو اپنے آپ کو فتنے میں ڈالتی ہے کیونکہ اسے ان چیزوں کا اہتمام و التزام کرنا پڑتا ہے جس سے اس کا چہرہ خوبصورت، جاذب نظر اور دلکش دکھائی دے۔ اس طرح وہ دوسروں کے لیے فتنے کا باعث بنتی ہے اور یہ شر و فساد کے بڑے اسباب میں سے ہے۔ (2)شرم و حیا کا جاتے رہنا اس عادتِ بد کی وجہ سے رفتہ رفتہ عورت سے شرم و حیا ختم ہوتی جاتی ہے جو ایمان کا جز ار فطرت کا لازمی تقاضا ہے۔ ایک زمانے میں عورت شرم و حیا میں ضرب المثل ہوتی تھی، مثلاً کہا جاتا تھا: احیا من العذراء فی خدرها "فلاں تو پردہ نشین دوشیزہ سے بھی زیادہ شرمیلا ہے۔ " شرم و حیا کا جاتے رہنا نہ صرف یہ کہ عورت کے لیے دین و ایمان کی غارت گری ہے بلکہ اس فطرت کے خلاف بغاوت بھی ہے جس پر اسے خالق کائنات نے پیدا کیا ہے۔