کتاب: پیغام مسلم - صفحہ 77
سوال:… آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پسینہ مبارک سے کیسی خوشبو آتی تھی؟ جواب:… سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے کستوری یا عنبر بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پسینے کی خوشبو سے اعلی نہیں پائی۔[1] سوال:… آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتھیلیوں کی کیفیت کیسی تھی؟ جواب:… سیدنا انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ: میں نے کوئی خالص یا ملاوٹ والا ریشمی لباس بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتھیلیوں سے زیادہ نرم نہیں پایا۔[2] سوال:… نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے کلام کرنے کا کیا انداز تھا؟ جواب:… سیدناجابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ: ’’کَانَ فِی کَلَامِہٖ تَرْتِیلٌ أَو تَرْسِیلٌ‘‘[3] ’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کلام میں ٹھہراؤ ہوتا تھا۔‘‘ سوال:… آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی باتیں لوگوں کو سمجھانے کے لئے کتنی بار دہراتے تھے؟ سوال:… سیدنا انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم جس وقت بات کرتے تو سمجھانے کے لئے تین تین بار دہراتے۔[4] سوال:… آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اخلاق کیسا تھا؟ جواب:… سیدنابراء بن عازب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ: کَانَ أَحْسَنَ النَّاسِ وَجْہًا وَأَحْسَنَہُمْ خُلُقًا [5] ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سب سے زیادہ خوبصورت چہرے اور سب سے اچھے اخلاق والے تھے۔‘‘ سوال:… کیا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نرم طبیعت کے مالک تھے؟
[1] صحیح مسلم: ۲۳۳۰. [2] صحیح البخاری: ۱۸۷۲. [3] صحیح الجامع: ۴۸۲۳. [4] صحیح البخاری: ۶۲۴۴. [5] صحیح مسلم: ۲۳۳۷.