کتاب: پیغام مسلم - صفحہ 72
سوال:… وحی کی کتنی صورتیں ہیں؟ جواب:… وحی کی سات صورتیں ہیں: (۱) گھنٹی کی آواز سنائی دینا۔ [1] (۲) زنجیر کے پتھر پر گرنے کی آواز۔[2] (۳) پس پردہ کلام کرنا۔[3] (۴) دل میں القا اور الہام ہونا۔[4] (۵) دحیہ کلبی کی شکل میں جبریل علیہ السلام کا آنا۔[5] (۶) جبریل علیہ السلام کا مسافر کے حلیے میں آنا۔[6] ۷۔شہد کی مکھی جیسی بھنبھناہٹ کی آواز۔[7] سوال:… معراج کی رات نمازوں میں تخفیف کروانے کا مشورہ کس نے دیا؟ جواب:… سیدنا موسیٰ علیہ السلام نے۔ سیدناانس بن مالک رضی اللہ عنہ رسول اللہ سے معراج کا قصہ ذکرکرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرما یا: سیدنا موسی علیہ السلام نے فرمایا: آپ کی امت پچاس نمازوں کی طاقت نہیں رکھے گی۔ آپ اللہ سے تخفیف کا سوال کریں۔ پھر جب میں آگے بڑھ گیا تو پس پردہ ایک منادی نے آواز لگائی: میری طرف سے فرض نمازوں کی منظوری ہو گئی اور میں نے اپنے بندوں پر تخفیف بھی کر دی۔[8] سوال:… ابتدا میں کتنی نمازیں فرض ہوئیں؟ جواب:… سیدناانس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرما یا: ((ثُمَّ فُرِضَت عَلَیَّ الصَّلَوَاتُ خَمسِینَ صَلَاۃً کُلَّ یَومٍ)) [9] ’’پھر مجھ پر روزانہ پچاس نمازیں فرض کی گئیں۔‘‘
[1] صحیح البخاری: ۲. [2] صحیح الجامع: ۴۳۶. [3] صحیح البخاری: ۴۵۷۴. [4] صحیح الجامع: ۲۰۸۵. [5] صحیح الجامع: ۹۸۷. [6] صحیح البخاری: ۴۷۷۷۔ صحیح مسلم: ۹۳. [7] سنن الترمذی: ۳۱۷۳. [8] صحیح البخاری:۳۸۸۷. [9] صحیح البخاری:۳۸۸۷.