کتاب: نور القرآن - صفحہ 53
کتاب: نور القرآن
مصنف: ڈاکٹر سہیل انجم
پبلیشر: دار السلام
ترجمہ:
بسم اللّٰه الرحمن الرحيم
مقدمہ
﴿ الم ﴿١﴾ ذَٰلِكَ الْكِتَابُ لَا رَيْبَ ۛ فِيهِ ۛ هُدًى لِّلْمُتَّقِينَ ﴾
’’الم۔ اس کتاب میں کوئی شک نہیں پرہیزگاروں کو راہ دکھانے والی ہے۔‘‘
اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے نوع انسانی کے لیے جو سرچشمۂ ہدایت آخری آسمانی کتاب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل فرمائی، یعنی قرآن مجید اُس کے آغاز ہی میں فرما دیا کہ یہ پرہیزگاروں کو درست راہ دکھانے والی ہے۔ اب یہاں اسی بات کو لے کر چلیے تو ظاہر ہے کہ پرہیزگاری کی اولین شرط تو مندرجہ ذیل باتوں پر ایمان لانا ہے:
1 اللہ پر ایمان
2 فرشتوں پر ایمان
3 الہامی کتابوں پر ایمان
4 انبیاء پر ایمان (رسالت)
5 تقدیر پر ایمان، یعنی خیروشر کا خالق اللہ ہے
6 روزِ قیامت پر ایمان یعنی موت کے بعد دوبارہ زندہ کر کے اٹھائے جانے پر ایمان
اب یہ بحث کہ مذکورہ بالا ایمانیات کا مطلقًا درست نظریہ کیا ہونا چاہیے؟ اس کا جواب خود اللہ عزوجل نے قرآن مجید میں مختلف مقامات پر دیا ہے اور بلاشبہ یہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہی کا احسان اور توفیق ہے کہ میں نے اور میری اہلیہ محترمہ (معلمہ گورنمنٹ مدرسۃ البنات گر لز ہائی سکول، لاہور) نے ایمانیات، عبادات اور دیگر معاملاتِ زندگی پر اللہ تبارک و تعالیٰ کے فرامین کو قرآن مجید کی متفرق جگہوں سے لے کر موضوعاتی ترتیب سے کم و بیش اِکسٹھ ابواب پر مشتمل ایک کتاب ’’نورالقرآن‘‘ ترتیب دینے کی سعادت حاصل کی ہے۔