کتاب: نور توحید - صفحہ 60
اس باب کی شرح: غیراللہ کے نام پر ذبح … اپنے سے پہلے باب کے بعد یہ باب ایک خوبصورت تسلسل ہے۔پہلا باب مقاصد پر مشتمل تھا۔ اور یہ باب وسائل پر مشتمل ہے۔ وہ باب شرک اکبر کے بیان میں تھا۔ جبکہ یہ باب اس سے قریب کرنے والے شرکیہ وسائل کے بیان میں ہے۔ بیشک وہ جگہ جہاں پر مشرکین اپنے معبودوں کا تقرب حاصل کرنے کے لیے ذبح کرتے ہوں ؛ اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ شریک ٹھہراتے ہوں ؛ تو وہ شرک کی علامات[مشاعر] میں سے ایک علامت بن جاتا ہے۔ پس جب کوئی مسلمان اس جگہ پر جانور ذبح کرے ؛ بھلا اس کا قصد اللہ تعالیٰ کی رضامندی ہی کیوں نہ ہو؛ تو یقیناً وہ اپنے اس عمل میں مشرکین کی مشابہت اختیار کرتا ہے۔ اور ان کے خاص مذہبی شعائر میں ان کی مشابہت اختیار کرتا ہے۔ ظاہری اعمال میں ان کی موافقت درحقیقت باطن میں ان کی موافقت اور ان کی طرف میلان کا سبب بنتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شارع صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے کہ کفار کے شعائر؛ عیدوں اور وضع و قطع اور لباس وغیرہ اوردیگر ان تمام امور میں ان کی مشابہت اختیار کی جائے جو ان کے ساتھ خاص ہیں۔تاکہ مسلمان ان لوگوں کی اس ظاہری موافقت سے دور رہیں جو ان کی طرف مائل ہونے ؛ اور ان کے قریب ہونے کا ذریعہ اور وسیلہ بنتی ہے؛ حتی کہ دین اسلام میں ان اوقات میں نفلی نماز پڑھنے سے منع کیا گیا ہے جن میں مشرکین غیراللہ[اپنے معبودوں کو]سجدہ کرتے ہیں ؛یہ سب اس خوف کی وجہ سے کیا جاتا ہے کہ کہیں کوئی مسلمان کسی حرام کام کا ارتکاب نہ کربیٹھے۔‘‘