کتاب: نور توحید - صفحہ 34
6۔ اس باب کا ایک اہم ترین مسئلہ یہ بھی ہے کہ مسلمان کو مشرکین سے الگ تھلگ اور دور رہنا چاہئے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ شرک نہ کرنے کے باوجود ان کے ساتھ میل جول کی بنا پر ان کا ساتھی بن جائے۔ 7۔ واجبات دین میں توحید اولین واجب مسئلہ ہے۔ 8۔ نماز اور دیگر احکام دین سے پہلے توحید کی تبلیغ کی جائے۔ 9۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان ان یوحِدوا اللّٰه کامطلب یہ ہے کہ لا اِلہ اِلا اللہ کا اقرار کیا جائے۔ 10۔ کچھ لوگ اہل کتاب ہونے کے باوجود عقیدہ توحید سے کما حقہ باخبر نہیں ہوتے یا جاننے کے باوجود اس پر عمل نہیں کرتے۔ 11۔ یہ آگاہی بھی ہوئی کہ دین کی تعلیم مرحلہ واردینی چاہئے۔ 12۔ مراحل تبلیغ میں اہمیت کے مطابق مسائل بیان کئے جائیں۔ 13۔ زکو اۃکے مصرف کا بھی بیان ہے۔ 14۔ معلم کا فرض ہے کہ وہ متعلم کے شبہات کو بھی دور کرے۔ 15۔ زکواۃ وصول کرتے وقت چن کر عمدہ اور قیمتی مال لینا منع ہے۔ 17۔ مظلوم کی آہ و بد دعا اور اللہ تعالیٰ کے درمیان کوئی حجاب نہیں۔ 18۔ سید المرسلین محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین اور اولیا کرام پر مشقتوں، بھوک اور تکالیف کا گزرنا بھی توحید کی ایک بہت بڑی دلیل ہے۔ 19۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد کہ:’’میں کل یہ پرچم ایسے شخص کو دوں گا‘ … ‘‘ علامات[معجزات] نبوت میں سے ہے۔ 20۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کاحضرت علی رضی اللہ عنہ کی آنکھ میں لعاب ڈالنا اور ان کا فورا صحت یاب ہو جانا بھی آپ کا معجزہ ہے۔ 21۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی فضیلت بھی ظاہر ہے۔ 22۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کی عظمت اور فضیلت بھی واضح ہے کہ وہ ساری رات یہ سوچتے رہے کہ صبح یہ پرچم کس خوش نصیب کو ملنے والا ہے۔ اور اس سوچ میں وہ فتح کی بشارت بھول گئے۔(گویا ان کے نزدیک اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصی محبت کا اعزاز فتح کی بشارت سے زیادہ عزیز تھا۔) 23۔ ایمان بالقدر بھی ثابت ہوتا ہے کہ پرچم ایسے آدمی کو ملا جس نے اس کے حصول کی خواہش یا کوشش نہیں کی بلکہ کوشش کرنے والے اور خواہش رکھنے والے اسے حاصل نہ کر سکے۔ 24۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کاحضرت علی رضی اللہ عنہ سے فرمانا:’’ علی رِسلِک ‘‘(کہ سیدھے جاؤ)اس میں آداب کی تعلیم ہے۔ 25۔ جنگ سے پیشتر کفار کو اسلام کی دعوت دینی چاہئے۔ 26۔ لوگوں سے اولین خطاب ہو یا قبل ازیں جنگ ہو چکی ہو یا دعوت دی جاچکی ہو، ہر صورت میں جنگ سے قبل اسلام کی دعوت دینا مشروع ہے۔