کتاب: نور توحید - صفحہ 31
شرک اکبر: اس کا مطلب یہ ہے کہ: اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی اور کو ساجھی بنایا جائے ؛ اور اسے ایسے ہی پکارا جائے جیسے اللہ تعالیٰ کو پکارا جاتا ہے۔ اور اس کا خوف دل میں رکھا جائے۔ اور اس سے امیدیں وابستہ کی جائیں۔ اور اس سے ایسے محبت کی جائے جیسے اللہ تعالیٰ سے محبت کی جاتی ہے۔ یا پھر عبادت کی جملہ اقسام میں سے کوئی ایک عبادت اس کے لیے بجا لائی جائے۔ اس شرک کی صورت میں ایسے انسان کے پاس توحید کا کوئی معمولی سا حصہ بھی باقی نہیں رہتا۔ اورایسا انسان وہ مشرک ہے جس پر اللہ تعالیٰ نے جنت حرام کردی ہے ؛ اور اس کا ٹھکانہ جہنم میں ہی ہوگا۔ اوراس میں کوئی فرق نہیں کہ وہ غیر اللہ کے لیے بجالائے جانے والی عبادت کو عبادت ہی کہے یا پھر اسے وسیلہ کہے یا کوئی دوسرا نام دے۔ یہ تمام باتیں شرک اکبر ہیں۔ اس لیے کہ اعتبار چیزوں کی حقیقت اور اس کے معانی کا ہوتا ہے نہ کہ الفاظ اور عبارت کا۔ شرک اصغر: اس میں وہ تمام اقوال و فعال شامل ہوتے ہیں جو شرک اکبر تک پہنچنے کا وسیلہ بنتے ہیں۔جیسے مخلوق کی شان میں اتنا غلو جوکہ عبادت کے مرتبہ تک نہ پہنچتا ہو۔ اور غیر اللہ کی قسم اٹھانا؛ اور معمولی قسم کی ریاکاری کرنا۔ اور اس طرح کے دیگر امور۔ شرک توحید کے منافی ہے۔ پس اگر شرک شرکِ اکبر ہو تواس کی وجہ سے مشرک جہنم میں داخل ہوگا؛ اورہمیشہ ہمیشہ وہیں رہے گا؛اور اس پر جنت حرام کر دی گئی ہے۔اور انسان کو سعادت مندی اور کامیابی اس وقت تک نصیب نہیں ہوسکتی جب تک اس سے کلی طور پر اجتناب نہ کرلے۔ پس انسان پر یہ حق ہے کہ وہ شرک سے ڈر کر رہے؛ اوردور رہے۔ اور اس کے اسباب اور وسائل اورذرائع سے بھی بچتا رہے ؛ اور اللہ تعالیٰ سے عافیت اور سلامتی کی دعا مانگتا رہے جیسا کہ انبیائے کرام علیہم السلام اور اولیاء اللہ کا طریقہ کار رہا ہے۔ انسان کو چاہیے کہ اپنے دل میں توحید اور ایمان اور اخلاص کو بڑھانے اور اسے قوت دینے کے لیے اپنی کوششیں بروئے کار لائے۔ اس کے لیے اللہ تعالیٰ سے کامل تعلق ہونا چاہیے۔ اور اسی کی طرف رجوع کیا جائے؛ اور اس کا خوف ہو؛ اور اسی سے امیدیں اور آرزوئیں وابستہ کی جائیں۔ اوربندہ اپنے ہر ایک قول و فعل میں ؛ اور ظاہری اور باطنی طور پر منع کردہ امور کے ترک کرنے میں اس کی رضامندی اور ثواب کا متلاشی رہے۔ بلاشک وشبہ اللہ کے لیے اخلاص شرک اکبر اور شرک اصغر کی جڑیں کاٹ کر رکھ دیتا ہے۔ اور جو کوئی بھی جس قدر بھی شرک میں گرفتار ہوتا ہے؛ یقیناً اس کے اخلاص میں اس قدر کمی ہوتی ہے۔