کتاب: نماز باجماعت کی اہمیت - صفحہ 39
اجر و ثواب لکھا جاتا ہے۔علامہ عبید اللہ مبارکپوری حدیث کی شرح میں رقم طراز ہیں:
’’وَفِیْہِ أَنَّہُ یُکْتَبُ لِقَاصِدِ الصَّلَاۃِ أَجْرُ الْمُصَلِّيْ مِنْ حِیْنَ یَخْرُجُ مِنْ بَیْتِہِ إِلٰی أَنْ یَّعُوْدَ إِلَیْہِ۔‘‘[1]
’’اس(حدیث)میں ہے،کہ ارادۂ نماز سے روانہ ہونے والے کے لیے گھر سے نکلنے سے لے کر،اس کے(گھر)واپس آنے تک،نماز ادا کرنے والے کا ثواب تحریر کیا جاتا ہے۔‘‘
ی:مسجد کی طرف آنے جانے کا[جہاد فی سبیل اللہ] سے ہونا:
امام احمد نے حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے،کہ انہوں نے فرمایا:
’’اَلْغُدُوُّ وَالرَّوَاحُ إِلٰی ہٰذِہِ الْمَسَاجِدِ مِنَ الْجِہَادِ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ۔‘‘[2]
’’ان مساجد کی طرف دن کے پہلے اور پچھلے پہر جانا[جہاد فی سبیل اللہ] سے ہے۔‘‘
اس روایت کے حوالے سے دو باتیں:
۱: [جہاد فی سبیلِ اللہ] سے ہونے سے مراد یہ ہے،کہ اللہ تعالیٰ مسجد کی طرف آنے جانے پر[جہاد فی سبیلِ اللہ] کا ثواب دیتے ہیں۔
اس بات کی تائید آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیث سے ہوتی ہے،جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین اعمال:[نہ چاہنے کے باوجود کامل وضو بنانا،مساجد کی طرف بہت قدم(چل کر جانا)اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنا] کے متعلق فرمایا:
’’فَذٰلِکُمُ الرِّبَاطُ۔‘‘
’’ یہ تمہارا[رباط] ہے۔‘‘
[1] مرعاۃ المفاتیح ۳؍۳۶۵؛ نیز ملاحظہ ہو: مرقاۃ المفاتیح ۳؍۷۸۔۔
[2] المسند، جزء من رقم الروایۃ ۲۰۲۳۰۴، ۳۶؍۶۴۰۔ شیخ ارناؤوط نے اس کی [ سند کو حسن] قرار دیا ہے۔ (ملاحظہ ہو: ہامش المسند ۳۶؍۶۴۰)۔