کتاب: نکاح کے مسائل - صفحہ 159
حُقُوْقُ الزَّوْجَۃِ
بیوی کے حقوق
مسئلہ 193 نان و نفقہ عورت کا حق ہے جسے برضا و رغبت ادا کرنا مرد پر واجب ہے۔
عَنْ حَکِیْمِ بْنِ مُعَاوِیَۃَ عَنْ اَبِیْہِ رضی اللّٰه عنہ اَنَّ رَجُلاً سَأَلَ النَّبِیَّ صلي اللّٰه عليه وسلم مَا حَقُّ الْمَرْأَۃِ عَلَی الزَّوْجِ ؟ قَالَ (( اَنْ یَطْعَمَہَا اِذَا طَعِمَ وَ اَنْ یَکْسُوَہَا اِذَا اکْتَسٰی وَ لاَ یَضْرِبُ الْوَجْہَ وَ لاَ یُقَبِّحُ وَ لاَ یَہْجُرُ اِلاَّ فِی الْبَیْتِ )) رَوَاہُ ابْنُ مَاجَۃَ[1] (صحیح)
حضرت حکیم بن معاویہ اپنے باپ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ ایک آدمی نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا ’’بیوی کا خاوند پر کیا حق ہے؟‘‘آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ’’جب تو خود کھائے تو اسے بھی کھلائے جب خود پہنے تو اسے بھی پہنائے ،چہرے پر نہ مارے ،گالی نہ دے( ،کبھی الگ کرنے کی ضرورت پڑے تو) اپنے گھر کے علاوہ کسی دوسری جگہ الگ نہ کرے۔‘‘اسے ابن ماجہ نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ 194 مہر عورت کا حق ہے جسے ادا کرنا شوہر کے ذمہ واجب ہے۔
وضاحت : حدیث مسئلہ نمبر 77 کے تحت ملاحظہ فرمائیں۔
مسئلہ 195 والدین کے بعد سب سے زیادہ حسن سلوک کی حقدار بیوی ہے۔
عَنْ اَبِیْ ہُرَیْرَۃَ رضی اللّٰه عنہ قَالَ : قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم ((اَکْمَلُ الْمُؤْمِنِیْنَ اِیْمَانًا اَحْسَنُہُمْ خُلْقًا وَ خِیَارُکُمْ خِیَارُکُمْ لِنِسَائِہِمْ )) رَوَاہُ التِّرْمِذِیُّ[2] (صحیح)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ایمان کے لحاظ سے کامل مومن وہ ہے جو اخلاق میں سب سے اچھا ہے اور تم میں سے بہتر شخص وہ ہے جو اپنی بیویوں کے لئے بہتر ہو۔‘‘اسے ترمذی نے روایت کیا ہے۔
[1] صحیح سنن ابن ماجۃ ، للالبانی ، الجزء الاول ، رقم الحدیث 1500
[2] صحیح سنن الترمذی ، للالبانی ، الجزء الاول ، رقم الحدیث 928