کتاب: نکاح کے مسائل - صفحہ 138
صِفَاتُ الزَّوْجِ الْاَمْثِلَۃ مثالی شوہر کی خوبیاں مسئلہ 155 بیوی سے حسن سلوک کرنے والا مرد بہترین شوہر ہے۔ عَنْ عَائِشَۃَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا قَالَتْ : قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم ((خَیْرُکُمْ خَیْرُکُمْ لِاَہْلِہٖ وَ اَنَا خَیْرُکُمْ لِاَہْلِیْ وَاِذَا مَاتَ صَاحِبُکُمْ فَدَعَوْہُ )) رَوَاہُ التِّرْمِذِیُّ[1] (صحیح) حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا’ ’تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جو اپنے اہل وعیال کے لئے اچھا ہو اور مَیں تم سب میں سے اپنے اہل و عیال کے لئے اچھا ہوں ۔جب تمہارا کوئی ساتھی فوت ہو جائے تو اس کی بری باتیں کرنا چھوڑ دو۔‘‘اسے ترمذی نے روایت کیا ہے۔ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا قَالَ : قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم ((خَیْرُکُمْ خَیْرُکُمْ لِلنِّسَائِ)) رَوَاہُ الْحَاکِمُ[2] (صحیح) حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’تم میں سے بہتر شخص وہ ہے جو اپنی عورتوں کے لئے اچھا ہے۔‘‘اسے حاکم نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 156 بیوی کو نہ مارنے والا شخص بہترین شوہر ہے۔ عَنْ عَائِشَۃَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا قَالَتْ : مَا ضَرَبَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم خَادِمًا وَ لاَ اِمْرَأَۃً قَطُّ ۔ رَوَاہُ اَبُوْدَاؤٗدَ[3] (صحیح) حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی خادم یا عورت کو کبھی نہیں مارا۔‘‘اسے ابوداؤد نے روایت کیاہے۔
[1] صحیح سنن الترمذی ، للالبانی ، الجزء الثالث ، رقم الحدیث 3057 [2] صحیح جامع الصغیر ، للالبانی ، الجزء الثالث ، رقم الحدیث 3311 [3] صحیح سنن ابی داؤد ، للالبانی ، الجزء الثالث ، رقم الحدیث 4003