کتاب: ںصیحتیں میرے اسلاف کی - صفحہ 45
فکرسلف صالحین کا احیا کیوں ضروری ہے؟
سلف صالحین ہمارے لئے مشعلِ راہ:
حضرت قاسم بن محمد رحمہ اللہ نے حضرت عمر بن عبد العزیز رحمہ اللہ سے کہا کہ’’ سلف صالحین ہمارے لئے مشعل ِ راہ ہیں ۔ ہم انہی سے روشنی لے کر صراطِ مستقیم پر گامزن ہوسکتے ہیں ہم انہی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ہر اس گمراہی سے نجات پا سکتے ہیں جس نے ہماری زندگی کو گندلا کردیا ہے۔‘‘ (فقہائے مدینہ ص:۱۱۵)
سلف صالحین کے راستے پر چلو:
امام اوزاعی فرماتے ہیں ؛’’سلف کے راستے پر چلو خواہ لوگ تم سے ناراض ہو جائیں اور لوگوں کی رائے اور قیاس سے دور رہوخواہ وہ چکنی چپڑی باتوں سے کتنا ہی مزّین ہو تم صراطِ مستقیم پر گامزن رہے تو جلد ہی تم پر حقیقت حال واضح ہوجائے گی۔‘‘
(تذکرۃالحافظ :۱ /۱۵۶)
سلف صالحین کے اقوال میں سلامتی تلاش کرو:
امام جعفر صادق رحمہ اللہ فرماتے ہیں ؛’’اے سفیان رحمہ اللہ !سلامتی بہت نادر چیز ہے یہاں تک کہ اس کے تلاش کرنے کی جگہ بھی مخفی ہے، اگر وہ کہیں مل سکتی ہے تو ممکن ہے گوشئہ گمنامی میں ملے ، اگر تم اس کو گوشئہ گمنامی میں تلاش کرو اور نہ ملے ،تو ممکن ہے خلوت نشینی میں ملے ، اگر گوشئہ تنہا ئی میں بھی تلاش سے نہ ملے تو سلف صالحین کے اقوال میں ملے گی۔‘‘
(تہذیب الاسماء :۱ / ۱۵۰ سیر الصحابہ ج۷ ص ۸۶)