کتاب: نمازِ پنجگانہ کی رکعتیں مع نماز وتر و تہجد - صفحہ 8
اسی بناء پر اس کی اشاعت کا منصوبہ بنایا گیا۔
کتاب میں حوالہ جات کی تفصیل کے علاوہ ایک سب سے بڑی خاصیت جو میری نظر سے گزری وہ یہ کہ پوری کتاب میں مصنف نے اختلافی مسائل پر بِلا دلیل و لایعنی بحث نہیں کی،نہ ہی کسی خاص مسلک یا جماعت کی بلا وجہ و بیجا نمائندگی کی،صحاح ستہ وغیرہ سے احادیث منتخب کرکے؛ بیان کردی ہیں اور جہاں پر ایک سے زائد طریقے ملے ان کو بھی بیان کردیا۔میری نظر میں ایک معتدل و منصف مزاج محِقّق کے یہی فرائض ہوتے ہیں جن کو مصنِّف نے بطریق احسن انجام دیا ہے۔مصنف کی یہ کاوش انتہائی قابلِ ستائش ہے کیونکہ کوئی بات کرنا اور اس پر مفصل دلائل اور حوالہ جات پیش کرنا خاصامحنت طلب کام ہے اور آج کل ہمارے یہاں محنت کا رواج اختتام پذیر ہوتا نظر آرہا ہے۔کسی بھی زمانے میں اس طرح کا کام بہت قدر کی نظر سے دیکھا جائے گا۔
کتاب کی اشاعت کا اہتمام کیوں کیا گیا؟ اس سلسلہ میں امام مسلم کا یہ قول کافی ہوگا:’’اسناد اصل دین کیطرف راہنمائی کرتی ہیں اور جس چیز کی سند نہیں اس کی کوئی اصل نہیں۔‘‘
میری خواہش ہے کہ میں وہ شخص بنوں جو لوگوں کو اصل دین کیطرف راغب کرے نہ کہ وہ جو دین سے ہٹادے۔اپنی بساط و اوقات کے مطابق کوشش کی ہے کہ کتاب میں اغلاط نہ ہوں مگر غلطی رہ جانا بشریت کا تقاضا ہے۔اگر کوئی غلطی رہ گئی ہو تو ازراہ ِکرم اس کی اطلاع بہم پہنچا کر اپنی مذہبی و اخلاقی ذمہ داری کا ثبوت دیں۔اس میں جو کچھ اچھائی پائیں اس کو رب کائنات کی رحمت تصور کریں اور جہاں کوئی کمی کوتاہی ملے تو اس پر میری خطاؤں کی بخشش کیلئے ہاتھ اٹھادیں۔
میری اور آپ کی ترقی و بخشش کا راز یہی ہے کہ ہم اپنی زندگی حضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقہ پر بسر کریں۔اﷲ مجھے اور آپ کو دین،دنیا اور آخرت کی بھلائیاں نصیب کرے،ہمیں اسلام والی زندگی اور ایمان والا خاتمہ عطا کرے۔(آمین)
دعاؤں کا طالب
﴿جواد احمد﴾