کتاب: نمازِ پنجگانہ کی رکعتیں مع نماز وتر و تہجد - صفحہ 7
کتاب: نمازِ پنجگانہ کی رکعتیں مع نماز وتر و تہجد
مصنف: الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر
پبلیشر: مکتبہ کتاب و سنت،ریحان چیمہ(ضلع سیالکوٹ)
ترجمہ:
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
عرضِ ناشر
(طبع اوّل)
تمام تعریفیں،حمد و ثنا خدا بزرگ وبر تر کیلئے کہ صرف وہی اس لائق ہے۔ہزاروں درود و سلام آقائے دو جہاں فخرِ موجودات جنابِ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے۔حمد و ثنا کے بعد عرض ہے کہ میری خوش بختی ہے کہ اﷲ رب العزّت نے محض اپنی رحمت سے مجھے اس قابل بنا یا کہ میں اس کتاب کی اشاعت کا اہتمام کروں حالانکہ میری بساط و اوقات یہ نہ تھی۔
اس کتاب کے سلسلہ میں کچھ گزارشات از حد ضروری ہیں کیونکہ ان گزارشات کے بغیر یقیناً اس کا حق ادا نہیں ہوتا۔سب سے پہلی بات یہ کہ نماز و رکعات کے فضائل و مسائل کے سلسلہ میں لاتعداد کتب و رسائل شائع ہوئے ہیں اور آئندہ بھی ہوتے رہیں گے لیکن اس کتاب کو شائع کرنا اس لئے نا گزیر ہو گیا تھا کہ مصنف نے اپنی ہر بات پر دلائل پیش کئے اور اپنے دلائل کو مستند حوالوں کے ساتھ لکھا ہے۔میرے یقین و علم کے مطابق گزشتہ کچھ عرصہ میں ایسی کتاب یا رسالہ شائع نہیں ہوا جس میں اسقدر اسناد و حوالہ جات تحریر کئے گئے ہوں۔اﷲ کمی بیشی معاف فرمانے والا ہے۔اگر ایسی کوئی کتاب شائع ہوئی ہے تو میری نظر سے نہیں گزری اور نہ ہی میرے احباب نے اس سلسلہ میں کوئی گواہی پیش کی ہے اس بنا پر میں کہہ سکتا ہوں کہ اس وقت میں وہ شخص ہوں جس پر اﷲ پاک نے اپنی خصوصی رحمت کرتے ہوئے ایک مستند کتاب کی اشاعت کا شرف بخشا ہے۔
میں نے کتاب کو متعدد بار پڑھا تاکہ اس کے متعلق بھر پور تسلی کرلوں سو میں اپنے علم و یقین کے مطابق مطمئن و شادماں ہوکر تحریر کر رہا ہوں کہ کتاب کا مسودہ تقریباً ہر لحاظ سے مکمل ہی لگا۔