کتاب: نماز نفل کتاب و سنت کی روشنی میں - صفحہ 40
3. فرائض کی سنتوں کا وقت فرض نماز کی پہلی سنتوں کا وقت نماز کا وقت شروع ہونے سے لیکر اقامتِ نماز تک ہوتا ہے ، اور فرض نماز کے بعد کی سنتوں کا وقت نماز ختم ہونے سے لیکر اس کا وقت ختم ہونے تک جاری رہتا ہے ۔ [ المغنی لابن قدامہ : ۲/۵۴۴ ] 4. سنتوں کی قضا حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی یہ روایت ثابت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب ظہر کی پہلی چار سنتیں نہیں پڑھ سکتے تھے تو انہیں ظہر کے بعد پڑھ لیتے ۔ [الترمذی : ۴۲۶ ، وقال حدیث حسن ، وصححہ أحمد شاکر فی تحقیق سنن الترمذی ۲/ ۲۹۱ والأرناؤط فی تحقیق جامع الأصول ۶/ ۲۳] اور یہ ۔ واللہ أعلم ۔ ان سنتوں کی اہمیت کی بناء پر تھا ، جیسا کہ حضرت عبد اللہ بن السائب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم زوالِ شمس کے بعد اور نمازِ ظہر سے قبل چار رکعات پڑھتے تھے ، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ( إِنَّہَا سَاعَۃٌ تُفْتَحُ فِیْہَا أَبْوَابُ السَّمَائِ ، وَأُحِبُّ أَنْ یَصْعَدَ لِیْ فِیْہَا عَمَلٌ صَالِحٌ ) ترجمہ : ’’ یہ گھڑی ایسی ہے کہ اس میں آسمان کے دروازے کھولے جاتے ہیں ، اور میں یہ پسند کرتا ہوں کہ اس میں میرا نیک عمل اوپر کو اٹھایاجائے ‘‘ [ الترمذی : ۴۷۸ ، وقال : حدیث حسن ، وصححہ الأرناؤط فی تحقیق جامع الأصول ۶/۲۴ ۔ وصححہ الألبانی ] اور میں نے اپنے استاذ امام عبد العزیز بن عبد اللہ بن باز رحمۃ اللہ علیہ سے سوال کیا کہ یہ چار رکعات نمازِ ظہر کی سنتیں ہیں یا کچھ اور ؟تو انہوں نے بیان فرمایا کہ یہ ظہر کی سنتیں ہی ہیں