کتاب: نماز نفل کتاب و سنت کی روشنی میں - صفحہ 25
8. نماز نفل کی اقسام نمازِنفل کی کئی اقسام ہیں ، مثلا فرض نمازوں سے پہلے اور بعد کی دائمی سنتیں ، نماز وتر ، نماز چاشت ، اور اسی طرح وہ نماز ِنفل جس کیلئے جماعت مشروع ہے، اور عمومی نفل نماز ، اور خصوصی نفل نماز ، اور سببی نفل نماز ۔۔۔ وغیرہ ، یہ سب اقسام نماز ِنفل میں ہی شامل ہیں ۔ پہلی قسم : دائمی سنتیں اور یہ تین ہیں : ( فرض نمازوں کی مؤکدہ سنتیں +نمازوتر + نماز چاشت ) 1. فرائض کے ساتھ مؤکدہ سنتیں اور وہ بارہ رکعات ہیں ، جیسا کہ حضرت ام حبیبہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ( مَنْ صَلّٰی اِثْنَتَیْ عَشْرَۃَ رَکْعَۃً فِیْ یَوْمٍ وَّلَیْلَۃٍ بُنِیَ لَہُ بَیْتٌ فِیْ الْجَنَّۃِ ) ترجمہ : ’’ جو شخص دن اور رات میں بارہ رکعات پڑھتا ہے اس کیلئے جنت میں ایک گھر بنا دیا جاتا ہے ۔‘‘ اور دوسری روایت میں اس حدیث کے الفاظ یوں ہیں : ( مَا مِنْ عَبْدٍ مُّسْلِمٍ یُصَلِّیْ لِلّٰہِ کُلَّ یَوْمٍ ثِنْتَیْ عَشْرَۃَ رَکْعَۃً تَطَوُّعًا غَیْرَ فَرِیْضَۃٍ إِلاَّ بَنَی اللّٰہُ لَہُ بَیْتًا فِیْ الْجَنَّۃِ أَوْ بُنِیَ لَہُ بَیْتٌ فِیْ الْجَنَّۃِ ) ترجمہ : ’’ جو مسلمان بندہ ہر دن اللہ تعالی کی رضا کیلئے بارہ رکعات نفل (جو کہ فرض نہیں ) ادا کرتا ہے ، اللہ تعالی اس کیلئے جنت میں ایک گھر بنا دیتا ہے ۔ یا اس کیلئے جنت میں ایک گھر بنا دیا جاتا ہے ۔‘‘