کتاب: نماز میں کی جانے والی غلطیاں اور کوتاہیاں - صفحہ 50
۵۵ ......لہسن، پیاز کھا کر اور سگریٹ پینے کے بعد مسجد میں آنا:
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’جس شخص نے پیاز یا لہسن کھایا وہ ہم سے الگ رہے۔‘‘ یا فرمایا: ’’وہ ہماری مسجد سے دور رہے‘‘۔ (بخاری، فتح الباری)
اور دوسری روایت میں ہے :’’ جس شخص نے بد بو دارسبزی کھائی وہ ہماری مسجد کے قریب نہ جائے اس لیئے کہ فرشتے بھی اس چیز سے تکلیف محسوس کرتے ہیں جس سے انسان تکلیف محسوس کرتے ہیں‘‘۔ (مسلم)
مندرجہ بالا حدیث کی روشنی میں آجکل جو لوگ سگریٹ پینے کے بعد نماز کے لیئے مسجد میں جاتے ہیں ان کے منہ سے نکلنے والی سگریٹ کی ناگوار بد بو سے فرشتوں اور انسانوں کو تکلیف ہوتی ہے۔سگریٹ پینے والا اپنی طرف سے تو نماز ادا کرنے کے لیئے آتا ہے مگر دوسری طرف وہ درجِ بالا احادیث کی روشنی میں دوسرے مسلمان بھائیوں اورفرشتوں کو تکلیف پہنچاتا ہے اور گناہ گار بھی ہوتا ہے، اسی لئے اس مذموم حرکت سے بچنا چاہیئے۔
۵۶ ......امام سے پہلے نماز کے ارکان ادا کرنا :
امام سے پہلے نماز کا کوئی رکن ادا کرنے کیلیےحرکت کرنا بہت بڑی غلطی ہے جس کا ارتکاب آجکل عام ہوتا جا رہاہے۔ اکثر لوگ امام سے پہلے ہی سجدہ یا رکوع میں چلے جاتے ہیں اور امام کے سر اٹھانے سے پہلے ہی سر اٹھا لیتے ہیں۔اسی طرح بعض لوگ امام کے تکبیر کہنے سے پہلے ہی اپنے ہاتھ کھڑے کر لیتے ہیں اور امام کے ہاتھ باندھنے سے پہلے ہی ہاتھ باندھ لیتے ہیں۔ یہ تمام حرکات نہایت قبیح ہیں۔نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے امام سے پہلے حرکت کرنے پر شدید وعید فرمائی ہے۔حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم