کتاب: نماز نبوی صحیح احادیث کی روشنی میں مع حصن المسلم - صفحہ 72
أشْهَدُ أنْ لا إلَهَ إلّا اللَّهُ وحْدَهُ لا شَرِيكَ له وأَشْهَدُ أنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ ورَسولُهُ ’’میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔ وہ اکیلا ہے۔ اس کا کوئی شریک نہیں۔ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے بندے اور رسول ہیں۔‘‘ تو اس کے لیے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیے جاتے ہیں کہ جس دروازے سے چاہے داخل ہو ۔[1] ٭ ابوداودکی ایک روایت میں اس دعا کو آسمان کی طرف نظر اٹھا کر پڑھنے کا ذکر ہے مگر یہ روایت صحیح نہیں۔ اس میں ابوعقیل کا چچا زاد بھائی مجہول ہے۔[2] وضو کے بعد یہ دعا بھی پڑھیں: سبحانك اللهم وبحمدِك أشهدُ أن لا إله إلا أنت أستغفرُك وأتوبُ إليك ’’اے اللہ! تو اپنی تمام تعریفوں کے ساتھ (ہر عیب سے) پاک ہے۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ تیرے سوا کوئی سچا معبود نہیں۔ میں تجھ سے بخشش مانگتا ہوں اور تیرے حضور توبہ کرتا ہوں۔‘‘ [3] وضو کے بعد یہ دعا بھی پڑھیں: اللهُمَّ اجعَلني مِنَ التَّوّابينَ واجعَلني منَ المتَطهِّرينَ ’’اے اللہ! مجھے بہت توبہ کرنے والوں میں سے بنادے اورمجھے پاک صاف رہنے والوں میں سے کردے ۔‘‘[4] وضو کی من گھڑت دعائیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت سے وضو کے شروع میں بسم اللہ اور بعد میں شہادتین اور مذکورہ دعائیں پڑھنا ثابت ہیں۔ لیکن بعض لوگ وضو میں ہر عضو دھوتے ہوئے وہ دعائیں پڑھتے ہیں
[1] صحیح مسلم، الطھارۃ، حدیث: 234۔ [2] سنن أبي داود، الطھارۃ، حدیث: 170، وسندہ ضعیف۔ [3] [صحیح] عمل الیوم واللیلۃ للنسائي: 81، والسنن الکبرٰی للنسائي: 9909 وسندہ حسن وأعلہ النسائي، والمستدرک للحاکم: 564/1، حدیث: 2072، وصححہ علی شرط مسلم ووافقہ الذہبي۔ امام حاکم نے، حافظ ذہبی نے اور ابن حجر نے التلخیص الحبیر: 102/1 میں اسے صحیح کہا ہے۔ [4] جامع الترمذي، حدیث: 55، وإرواء الغلیل، للألباني: 135/1، حدیث: 96۔