کتاب: نماز نبوی صحیح احادیث کی روشنی میں مع حصن المسلم - صفحہ 67
مسواک کا بیان:سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب رات کو تہجد کے لیے اٹھتے تو مسواک کرتے۔[1] سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں:نبی ٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم رات کو ہر دو رکعت کے بعد مسواک کرتے۔[2] ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’مسواک منہ کے لیے طہارت کا سبب اور اللہ کی رضامندی کا ذریعہ ہے۔‘‘ [3] سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اگر میں اپنی امت کے لیے مشکل نہ سمجھتا تو انھیں ہر نماز سے پہلے مسواک کرنے کا (وجوبی) حکم دے دیتا۔‘‘ [4] وضاحت: غالباً اسی فضیلت کے حصول کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم قیام اللیل کی ہر دو رکعت کے بعد مسواک کرتے تھے۔[5] جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کے لیے یہ بات پسند کی کہ ہر مسلمان ہر نماز سے پہلے مسواک کرے لیکن مشقت کے ڈر سے وجوبی حکم نہیں دیا۔ [اللَّهمَّ صلِّ على محمَّدٍ وعلى آلِ محمَّدٍ]
[1] صحیح البخاري، الوضوء، حدیث: 245، وصحیح مسلم، الطھارۃ، حدیث: 255۔ [2] صحیح مسلم، صلاۃ المسافرین، حدیث: 763/191، ترقیم دارالسلام: 1799۔ [3] [صحیح] سنن النسائي، الطھارۃ، حدیث: 5، وھوحدیث صحیح امام نووی نے المجموع: 26/1 میں اور امام ابن حبان نے الموارد، حدیث: 143 میں اسے صحیح کہا ہے۔ [4] صحیح البخاري، الجمعۃ، حدیث: 887، وصحیح مسلم، الطھارۃ، حدیث: 252۔ [5] سنن ابن ماجہ، الطھارۃ وسننھا، حدیث: 288۔