کتاب: نماز نبوی صحیح احادیث کی روشنی میں مع حصن المسلم - صفحہ 342
صفا اور مروہ پر پڑھی جانے والی دعا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب صفا کے قریب ہوئے تو فرمایا: إِنَّ الصَّفا والْمَرْوَةَ مِنْ شَعائِرِ اللَّهِ ابدَؤوا بما بدأَ اللَّهُ بِهِ ’’بلاشبہ صفا اور مروہ اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ہیں، میں وہیں سے شروع کرتا ہوں جہاں سے اللہ تعالیٰ نے شروع کیا۔‘‘ پھر نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ’’صفا‘‘ سے آغاز فرمایا۔ اس کے اوپر چڑھتے گئے یہاں تک کہ بیت اللہ کو دیکھا، پھر قبلے کی طرف منہ کیا اور اللہ تعالیٰ کی توحید اور کبریائی بیان کرتے ہوئے یہ الفاظ کہے: لا إلَهَ إلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لا شَرِيكَ له، له المُلْكُ وَلَهُ الحَمْدُ وَهو علَى كُلِّ شيءٍ قَدِيرٌ، لا إلَهَ إلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ، أَنْجَزَ وَعْدَهُ، وَنَصَرَ عَبْدَهُ، وَهَزَمَ الأحْزَابَ وَحْدَهُ ’’اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے،اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشاہت اور تعریف اسی کے لیے ہے اور وہ ہرچیز پر کامل قدرت رکھتا ہے، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے، اس نے اپنا وعدہ پورا فرمایا اور اپنے بندے کی مدد فرمائی اور اس اکیلے ہی نے (مخالف) گروہوں کو شکست دی۔‘‘ پھر اس کے درمیان دعا فرمائی، اس طرح تین دفعہ کہا۔ حدیث لمبی ہے اوراس میں یہ بھی مذکور ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مروہ پر بھی اُسی طرح کیا جیسے صفا پر کیا۔[1] یومِ عرفہ (9 ذوالحجہ) کی دعا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’سب سے بہتر دعایومِ عرفہ کی دعا ہے۔ اور (اس دن) جوکچھ میں نے اورمجھ سے پہلے نبیوں نے کہا ہے، اس میں سب سے افضل یہ ہے: لا إلَهَ إلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لا شَرِيكَ له، له المُلْكُ وَلَهُ الحَمْدُ وَهو علَى كُلِّ شيءٍ قَدِيرٌ ’’اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشاہت ہے اوراسی کی تعریف ہے اور وہ ہر چیز پر کامل قدرت رکھتا ہے۔‘‘ [2]
[1] صحیح مسلم، حدیث: 1218۔ [2] جامع الترمذي، حدیث: 3585، وسلسلۃ الأحادیث الصحیحۃ، رقم: 1503۔