کتاب: نماز نبوی صحیح احادیث کی روشنی میں مع حصن المسلم - صفحہ 335
رکعت نماز پڑھے، اللہ تعالیٰ سے معافی مانگے تو اللہ تعالیٰ اسے معاف کردیتا ہے۔[1] شیطان کب بھاگتا ہے؟ 1. شیطان سے اللہ کی پناہ مانگی جائے۔[2]2. جب اذان ہو۔[3]3. مسنون اذکارکرنے سے۔ 4. قرآن کریم کی تلاوت کرنے سے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: ’’تم اپنے گھروں کو قبرستان نہ بناؤ، بلاشبہ شیطان اس گھر سے بھاگ جاتا ہے جس میں سورئہ بقرہ کی تلاوت کی جائے۔‘‘[4] اسی طرح جو چیزیں شیطان کو دورکردیتی ہیں ان میں صبح و شام کی دعائیں، گھر میں داخل ہونے اور گھر سے باہر نکلنے کی دعائیں، مسجد میں داخل ہونے اور مسجد سے باہر نکلنے کی دعائیں اور دیگر تمام دعائیں شامل ہیں جو شریعتِ مطہرہ سے ثابت ہیں، مثلاً: سوتے وقت آیۃ الکرسی اور سورئہ بقرہ کی آخری دو آیتیں پڑھے۔ جو شخص سو دفعہ یہ دعا پڑھتا ہے، وہ تمام دن شیطان سے محفوظ رہتا ہے: [5] لا إلهَ إلّا اللهُ وحدَه لا شريكَ له له الملكُ وله الحمدُ وهو على كلِّ شيءٍ قديرٌ ’’اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشاہت ہے اورہر تعریف اسی کے لیے ہے اور وہ ہر چیز پر کامل قدرت رکھتا ہے۔‘‘ دجال سے محفوظ رہنے کے وظائف: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’جو شخص سورئہ کہف سے شروع کی دس آیتیں حفظ کرے گا وہ دجال سے محفوظ ہو جائے گا۔‘‘ ایک دوسری روایت میں ہے کہ سورئہ کہف کی آخری دس آیتیں۔[6]
[1] سنن أبي داود، حدیث: 1521، لیکن شرط یہ ہے کہ توبہ خالص ہو۔ اور خالص توبہ یہ ہے کہ 1.جس گناہ سے توبہ کررہا ہے، پہلے اسے یک قلم ترک کر دے۔ 2.اس پر سخت ندامت کا اظہار کرے۔ 3.آئندہ اسے نہ کرنے کا پکا ارادہ کرے۔ 4. اگر اس کا تعلق بندوں کے حقوق سے ہے تو اس کی تلافی کرے۔ [2] سنن أبي داود،حدیث: 775، وسورۃ المؤمنون 98,97:23۔ [3] صحیح البخاري، حدیث: 608۔ [4] صحیح مسلم، حدیث: 780۔ [5] صحیح البخاري، حدیث: 3293۔ [6] صحیح مسلم، حدیث: 809، وسلسلۃ الأحادیث الصحیحۃ، حدیث: 582، شیخ البانی رحمہ اللہ نے پہلی دس آیات والی روایت کو محفوظ اور راجح قرار دیا ہے۔