کتاب: نماز نبوی صحیح احادیث کی روشنی میں مع حصن المسلم - صفحہ 324
25. جو شخص یہ دعا سو مرتبہ صبح اور سو مرتبہ شام کو پڑھے گا، قیامت کے دن کوئی شخص اس کے عمل سے افضل عمل لے کر نہیں آئے گا۔ تاہم اگر کوئی شخص اس کے برابر یا اس سے زیادہ دفعہ کہے تو وہ اس سے بہتر ہو سکتا ہے۔
سو مرتبہ صبح اور سو مرتبہ شام کو پڑھیے:
سُبْحانَ اللهِ وبِحَمْدِهِ ’’میں اللہ کی پاکیزگی بیان کرتا ہوں اس کی تعریف کے ساتھ۔‘‘[1]
26. جو شخص سومرتبہ صبح کے وقت یہ دعا پڑھے گا، اسے دس غلام آزاد کرنے کے برابر ثواب ملے گا، ایک سو نیکیاں اس کے نام لکھی جائیں گی اور اس کے ایک سو گناہ مٹا دیے جائیں گے اور ان الفاظ کی برکت سے اس دن شام تک وہ شیطان سے محفوظ رہے گا اور کوئی شخص اس سے افضل عمل لے کر نہیں آئے گا۔ تاہم اگرکوئی شخص زیادہ دفعہ کہے (تو وہ اس سے بہتر ہوسکتا ہے۔)
دن بھر میں کسی بھی وقت سو مرتبہ پڑھیے
لا إلهَ إلّا اللهُ وحدَه لاشريكَ له له الملكُ وله الحمدُ وهو على كلِّ شيءٍ قديرٌ
’’اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، اسی کی بادشاہت اوراسی کی تعریف ہے اور وہ ہر چیز پر کامل قدرت رکھتا ہے۔‘‘[2]
27. دن میں سو مرتبہ پڑھیے:
أسْتَغْفِرُ اللَّهَ وأَتُوبُ إلَيْهِ ’’میں اللہ سے بخشش مانگتا ہوں اور اس کے حضورتوبہ کرتا ہوں۔‘‘[3]
28. صبح و شام دس مرتبہ کوئی سا مسنون درود شریف پڑھیے، مثلاً:
اللَّهمَّ صلِّى على محمَّدٍ وعلى آلِ محمَّدٍ
’’اے اللہ! رحمت نازل فرما محمد( صلی اللہ علیہ وسلم ) پر اور آل محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) پر۔‘‘[4]
[1] صحیح مسلم، حدیث: 2692۔
[2] صحیح البخاري، حدیث: 3293۔
[3] صحیح البخاري، حدیث: 6307۔
[4] سنن النسائي، حدیث: 1293، ومجمع الزوائد، حدیث: 17022۔