کتاب: نماز نبوی صحیح احادیث کی روشنی میں مع حصن المسلم - صفحہ 290
آخری گزارش پیارے بھائیو اور بہنو! اللہ تعالیٰ قیامت کے روز صرف وہی نماز قبول کرے گا جو نبیٔ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کے نمونے کے مطابق ہوگی۔ اس کتاب میں آپ نے نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کا پیارا نمونہ دیکھ لیا ہے۔ نہایت خلوص و احترام سے درخواست ہے کہ آپ ٹھیک اپنے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے نمونے کے مطابق نماز پڑھا کریں تاکہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں آپ کی نمازوں کو شرفِ قبولیت حاصل ہو۔ اگر نبوی نمونے کے مطابق آپ کو نماز پڑھتے ہوئے دیکھ کر کوئی نکتہ چینی کرے یا احادیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مقابلے میں بزرگوں اور ائمۂ کرام رحمۃ اللہ علیہم کے اقوال پیش کرے تو آپ اس کی نادانی سے بچتے ہوئے عمل بالقرآن والحدیث ہی پر کاربند رہیں کیونکہ جس طرح نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بابرکات روئے زمین کے تمام بزرگوں اور اماموں سے بڑھ کر برگزیدہ اور اعلیٰ و ارفع ہے، اسی طرح آپ کی تعلیم، سنت اور طریقۂ کار بھی روئے زمین کے تمام طریقوں سے اعلیٰ و ارفع ہے۔ اللہ تعالیٰ مجھے اور تمام قارئین کو ہمیشہ عمل صالح کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین!)