کتاب: نماز نبوی صحیح احادیث کی روشنی میں مع حصن المسلم - صفحہ 277
نماز جنازہ
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(( ما مِن رَجُلٍ مُسْلِمٍ يَمُوتُ، فَيَقُومُ على جَنازَتِهِ أَرْبَعُونَ رَجُلًا، لا يُشْرِكُونَ باللَّهِ شيئًا، إلّا شَفَّعَهُمُ اللَّهُ فِيهِ))
’’جس مسلمان کے جنازے میں ایسے چالیس آدمی شامل ہوں جو اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراتے ہوں تو اللہ تعالیٰ اس (میت کے حق) میں ان کی سفارش قبول کرتا ہے۔‘‘[1]
نماز جنازہ پڑھنے کے لیے میت کی چارپائی اس طرح رکھیں کہ میت کا سر شمال کی سمت (قبلے کی دائیں جانب) اور پاؤں جنوب کی جانب ہوں، پھر باوضو ہو کر صفیں باندھیں۔ میت اگر مرد ہے تو امام (اس کے) سر کے سامنے کھڑا ہو، اگر عورت ہے تو اس کے درمیان کھڑا ہو۔[2]
پھر دل میں نیت کر کے دونوں ہاتھ کندھوں یا کانوں تک اٹھائیں اور پہلی تکبیر کہہ کر سورۂ فاتحہ پڑھیں۔
جنازے میں سورۂ فاتحہ:
سیدنا ابوامامہ بن سہل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نماز جنازہ میں سنت طریقہ یہ ہے کہ پہلے تکبیر کہی جائے، پھر فاتحہ پڑھی جائے، پھر نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود اورمیت کے لیے دعا کی جائے اس کے بعد سلام پھیرا جائے۔[3]
طلحہ بن عبداللہ بن عوف رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں نے سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کے پیچھے نماز جنازہ پڑھی تو انھوں
[1] صحیح مسلم، الجنائز، حدیث: 948۔
[2] [حسن] جامع الترمذي، الجنائز، حدیث: 1034، وسنن أبي داود، الجنائز، حدیث: 3194، وسندہ حسن، امام ترمذی نے اسے حسن کہا ہے۔ نیز دیکھیے صحیح البخاري، حدیث: 1332، وصحیح مسلم، حدیث: 964۔
[3] [صحیح] المصنف لعبدالرزاق، الجنائز: 490,489/3، حدیث: 6428، حافظ ابن حجرنے التلخیص الحبیر: 122/2 میں اسے صحیح کہا ہے۔ المنتقٰی لابن الجارود، حدیث: 540، وسندہ صحیح۔