کتاب: نماز نبوی صحیح احادیث کی روشنی میں مع حصن المسلم - صفحہ 19
تحقیق کی روشنی میں تبدیلیاں اور اضافے کیے گئے ہیں۔ ٭ سجدئہ تلاوت کے احکام و مسائل کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ٭ نماز جنازہ کی دعاؤں میں مسنون دعاؤں کا اضافہ، نیز عورتوں کی نماز جنازہ کی وضاحت کے ساتھ بچے کے جنازے کی دعاؤں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ٭ کتاب میں مذکور مفید حواشی کو کتاب کا حصہ بنا دیا ہے اور غیر ضروری بے جا حواشی حذف کر دیے ہیں۔ ٭ دعاؤں کی مشہور کتاب حصن المسلم کو اس کتاب کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ نقاش کا نقشِ ثانی، نقشِ اول سے ہمیشہ بہتر ہوتا ہے۔ اب آپ جوں جوں اس جدید ایڈیشن کا مطالعہ فرمائیں گے اس کی اہمیت اور منفعت آپ پر روشن ہوتی چلی جائے گی، لہٰذا اس مقدس کتاب کے مطالعے کو روز مرہ کا معمول بنایئے۔ نہایت اہتمام سے تکبیر اولیٰ کے دوام کے ساتھ نماز پڑھیے۔ اس طرح آپ کا نام اللہ تعالیٰ کے صحیفۂ خوشنودی میں درج ہو جائے گا اور آپ صحیح معنوں میں ’احسن تقویم‘ قرار پائیں گے۔ میری دعا ہے کہ اس کتاب کی مقدس تعلیمات ہر مسلمان بہن اور بھائی کے ذہن اور زندگی میں ہمیشہ تازہ کار رہیں اور فوزو فلاح کے برگ و بار لائیں۔ خادم کتاب و سنت عبدالمالک مجاہد نومبر 2017ء منیجنگ ڈائریکٹر دارالسلام الریاض، لاہور