کتاب: نماز نبوی صحیح احادیث کی روشنی میں مع حصن المسلم - صفحہ 147
ہیں جب مقتدی کو معلوم ہو کہ امام آمین کہہ رہا ہے۔ کوئی شخص یہ تصور بھی نہیں کر سکتا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ، مقتدی کو اس حالت میں امام کی آمین کے ساتھ آمین کہنے کا حکم دے سکتے ہیں کہ اُسے امام کی آمین ہی سنائی نہ دے۔[1]
نعیم مجمر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے کے مطابق نماز پڑھائی، پھر نعیم اس طریقے کو بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انھوں نے آمین کہی اور جو لوگ ان کی اقتدا میں نماز ادا کررہے تھے، انھوں نے بھی آمین کہی۔[2]
سیدنا عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما اور ان کے مقتدی اتنی بلند آواز سے آمین کہا کرتے تھے کہ مسجد گونج اٹھتی تھی۔[3]
وضاحت: امام بخاری رحمہ اللہ نے اسے بصیغۂ جزم ذکر کیا ہے جو ان کے نزدیک اس کے صحیح ہونے کی دلیل ہے۔ یہ روایت اپنے شواہد کے ساتھ صحیح ہے۔
عکرمہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں: میں نے دیکھا کہ امام جب ((وَلا الضّالِّينَ )) کہتا تو لوگوں کے آمین کہنے کی وجہ سے مسجد گونج اُٹھتی تھی۔[4]
بلند آواز سے آمین کہنا صحیح ہے لیکن اس میں عجز و انکسار کا اظہار بھی ضروری ہے، آمین کہتے ہوئے آواز ضرور بلند کی جائے، لیکن گلا نہ پھاڑا جائے اعتدال ملحوظ رکھا جائے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’یہودی جس قدر سلام اور آمین سے چڑتے ہیں، اتنا کسی اور چیز سے نہیں چڑتے، لہٰذا تم کثرت سے آمین کہو۔‘‘ [5]
دعا، تعوذ، تسمیہ اور سورۂ فاتحہ پڑھ کر آمین کہہ لینے کے بعد قرآن مجید میں سے جو کچھ یاد ہو، اس میں سے کچھ پڑھیں۔[6]
آدابِ تلاوت:
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک زوجہ محترمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے: آپ صلی اللہ علیہ وسلم ﴿ الْحَمْدُ لِلَّـهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ ﴾
[1] صحیح ابن خزیمۃ، الأذان والإقامۃ، حدیث: 570۔
[2] [صحیح] سنن النسائي، الافتتاح، حدیث: 906، وسندہ صحیح وأخطأ من ضعفہ، امام ابن خزیمہ نے: 499، امام حاکم نے المستدرک: 232/1 میں اور امام ذہبی نے اسے صحیح کہا ہے۔
[3] صحیح البخاري، الأذان، قبل الحدیث: 780، ومصنف عبدالرزاق: 97,96/2، حدیث: 2640۔
[4] المصنف لابن أبي شیبۃ: 425/2، حدیث: 7963 وسندہ حسن، والقول المتین في الجھر بالتأمین، ص: 56-53۔
[5] [صحیح] سنن ابن ماجہ، إقامۃ الصلوات، حدیث: 856، وسندہ صحیح، امام ابن خزیمہ: 1585,574 اور بوصیری نے اسے صحیح کہا ہے۔
[6] صحیح البخاري، الأذان، حدیث: 793۔