کتاب: نماز نبوی صحیح احادیث کی روشنی میں مع حصن المسلم - صفحہ 119
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اگر نمازی کے آگے اونٹ کے پالان کی پچھلی لکڑی جتنا لمبا سترہ نہ ہو اور بالغ عورت، گدھا یا سیاہ کتا آگے سے گزر جائے تو نماز ٹوٹ جاتی ہے اور سیاہ کتا شیطان ہے۔‘‘ [1]
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آگے سوتی تھی۔ میرے پاؤں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے ہوتے تھے۔ جب آپ سجدہ کرتے تو مجھے ہاتھ لگاتے، میں اپنے پاؤں سمیٹ لیتی اور جس وقت آپ کھڑے ہوتے تو پاؤں پھیلا دیتی۔ان دنوں گھروں میں چراغ نہیں ہوتے تھے۔[2]
معلوم ہوا کہ نمازی کے آگے سے گزرنا منع ہے۔ اگر آگے کوئی لیٹا ہو تو کوئی حرج نہیں، اسی طرح عورت کے گزرنے سے نماز ٹوٹ جاتی ہے اگر وہ سامنے لیٹی ہو تو کوئی حرج نہیں۔
[1] صحیح مسلم، الصلاۃ، حدیث: 510۔
[2] صحیح البخاري، الصلاۃ، حدیث: 513، وصحیح مسلم، الصلاۃ، حدیث: (272)۔512۔