کتاب: نجات یافتہ کون - صفحہ 42
خواہشات کی طرف سمٹتا ہے اور اپنی رائے کو اچھا سمجھ کر اس کا پہرہ دیتا ہے۔ ماسوائے اہل حدیث کے۔ قرآن ان کی تیاری ہے، سنت ان کی دلیل ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اُن کے امیر ہیں ۔ رسولِ معظم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف ان کی نسبت ہے۔ وہ لوگوں کی رائے کی طرف دیکھتے بھی نہیں ۔ جو ان کے خلاف مکر کرتا ہے اللہ اس کو توڑ کر رکھ دیتا ہے۔ جو ان سے دشمنی کرتا ہے اللہ اس کو ذلیل کرتا ہے۔
اے اللہ! ہمیں اہل حدیث میں سے کردے۔ سنت پر عمل کی توفیق دے اور اہل حدیث کی محبت عطا فرما۔ (قرآن اور)حدیث پر عمل کرنے والوں کی مدد کرنے کی توفیق دے۔ ‘‘
توحید اور اس کی اقسام
توحید یہ ہے کہ عبادت کے لحاظ سے اللہ کو ایک مانا جائے۔ اسی عبادت کے لیے تو اللہ نے مخلوق کو پیدا کیا ہے۔ اللہ کا فرمان ہے:
﴿ وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْاِنْسَ إِلَّا لِیَعْبُدُونِ o﴾ [الذاریات:۵۶]
’’ میں نے جن و انس کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے۔ ‘‘
یعنی وہ عبادت میں مجھے ایک جانیں اور پکارنے میں مجھے ایک سمجھیں ۔
درج ذیل توحید کی اقسام قرآنِ کریم سے ماخوذ ہیں ۔
(۱)… توحید ربوبیت:
اعتراف کرنا کہ اللہ ہی خالق اور رب ہے۔ کفار اس درجے کی توحید مانتے تھے، لیکن اس نے ان کو اسلام میں داخل نہیں کیا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
﴿ وَلَئِنْ سَاَلْتَہُمْ مَنْ خَلَقَہُمْ لَیَقُولُنَّ اللَّہُ فَاَنّٰی یُؤْفَکُونَ o﴾ [الزخرف:۸۷]
’’ اور اگر آپ اُن سے پوچھیں کہ ان کو کس نے پیدا کیا ہے تو وہ ضرور کہیں گے: اللہ نے، پھر یہ کہاں اُلٹے بہکائے جا رہے ہیں ؟۔ ‘‘