کتاب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت والد - صفحہ 18
نے ارشاد فرمایاہے:
{لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ أُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ لِّمَنْ کَانَ یَرْجُوا اللّٰہَ وَ الْیَوْمَ الْاٰخِرَ وَ ذَکَرَ اللّٰہَ کَثِیْرًا} [1]
’’بلاشک و شبہ تمہارے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں بہترین نمونہ ہے، اس کے لیے جو اللہ تعالیٰ اور روزِ قیامت کا یقین رکھتا ہو اور اللہ تعالیٰ کو بہت یاد کرتا ہو۔‘‘
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بحیثیتِ والد سیرت مطہرَّہ سے فیض یاب ہونے اور دوسرے لوگوں کے لیے اس سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنے کی خاطر
[نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت والد]
کے عنوان سے توفیقِ الٰہی سے کام کا آغاز کیا ہے۔
کتاب کی تیاری میں پیشِ نظر باتیں:
توفیقِ الٰہی سے کتاب تیار کرتے وقت درجِ ذیل باتوں کے اہتمام کی کوشش کی گئی ہے:
۱:کتاب کے لیے بنیادی معلومات احادیث شریفہ سے حاصل کی گئی ہیں۔
۲:ان سے استدلال کرتے وقت شروح حدیث سے استفادہ کی مقدور بھر کوشش کی گئی ہے۔
۳:احادیثِ شریفہ کو عام طور پر ان کے اصلی ماخذ و مراجع سے نقل کیا گیا ہے۔
۴:صحیحین کے علاوہ دیگر کتب حدیث سے نقل کردہ احادیث کے متعلق علمائے امت کے اقوال پیش کیے گئے ہیں۔ صحیحین کی احادیث کی صحت پر اجماعِ امت کی بنا پر ان کے بارے میں اہلِ علم کے اقوال کو ذکر کرنے کی ضرورت نہیں۔[2]
[1] سورۃ الأحزاب / الآیۃ ۲۱۔
[2] ملاحظہ ہو: مقدمۃ النووی لشرحہ علی صحیح مسلم ص ۱۴؛ ونزھۃ النظر في توضیح نخبۃ الفکر للحافظ ابن حجر ص ۲۹۔