کتاب: نبی مصطفٰی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جامع سیرت - صفحہ 89
بار آیا ہے۔ صلی اللہ علیہ وبارک وسلم تسلیماً کثیراً۔ س:۹۸… جو مومن آدمی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک بار صلوٰۃ و سلام پڑھتا ہے اُسے کیا فضیلت حاصل ہوتی ہے؟(اور کتنا اجر ملتا ہے؟) ج:۹۸… جو مسلمان، مومن آدمی نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک بار صلوٰۃ و سلام پڑھتا ہے، اللہ تعالیٰ اُس پر دس بار اپنی رحمتیں نازل فرماتے ہیں، اس کے دس گناہ معاف کردیتے ہیں اور اُس کے دس درجات بلند کردیتے ہیں۔ س:۹۹… اس شخص کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا ارشاد فرمایا ہے کہ جس کے پاس(حالت ایمان و اسلام میں)آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام لیا جائے اور وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر صلوٰۃ و سلام نہ پڑھے؟ ج:۹۹… سیّدنا حسین بن علی بن ابوطالب رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:((اَلْبَخِیْلُ الَّذِيْ مَنْ ذُکِرْتُ عِنْدَہُ فَلَمْ یُصَلِّ عَلَيَّ۔)) ’’ وہ شخص اللہ کے ہاں بخیل اور کنجوس شمار ہوتا ہے کہ جس کے پاس میرا ذکر کیا جائے اور وہ مجھ پر دُرود نہ پڑھے۔ ‘‘ [1] س:۱۰۰… جو مومن مسلمان آدمی نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تسلیماً کثیراً ہر صبح و شام دس، دس بار صلوٰۃ و سلام پڑھتا ہے، اسے کتنی فضیلت اور کتنا اجر و انعام ملتا ہے؟ ج:۱۰۰… صبح و شام دس دس بار نبی معظم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود و سلام پڑھنے والے کو(صحیح احادیث کی رُو سے)قیامت والے دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت حاصل ہوگی۔(جس سے اُس کا حساب آسان ہوگا اور وہ جنت میں جا داخل ہوگا۔) س:۱۰۱… جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہجرت فرما کر مدینہ منورہ تشریف لائے تو یہاں یہودیوں کے کون کون سے قبیلے(اور اُن کے گروہ)آباد تھے؟
[1] جامع الترمذي/ حدیث: ۳۵۴۶ وھو صحیحٌ…الالبانیؒ۔ یاد رکھئے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام سن کر دُرود پڑھنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کی دلیل ہے۔ انگوٹھے چومنا اور کوئی دوسری حرکت کرنا قطعاً محبت کی دلیل نہیں۔