کتاب: نبی مصطفٰی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جامع سیرت - صفحہ 180
س:۱۹۸… مکہ مکرمہ میں بعثت و نبوت سے قبل نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کتنی عمر گزاری تھی اور نبوت ملنے کے بعد کتنی؟ اور مدینہ منورہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیاتِ طیبہ کا کتنا وقت گزارا تھا؟ ج:۱۹۸… بعثت سے قبل نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے چالیس سال کی عمر گزاری تھی اور بعثت کے بعد تیرہ سال جبکہ مدینہ منورہ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دس سال گزارے تھے۔ س:۱۹۹… جب نبی معظم خاتم الانبیاء والرسل محمد بن عبداللہ بن المطلب القرشی الہاشمی صلی اللہ علیہ وسلم تسلیما کثیرا فوت ہوئے تو اُس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر مبارک کتنی تھی؟ اور آپ کس دن، اور کس مہینے کی کون سی تاریخ اور کون سے سال میں فوت ہوئے تھے؟ ج:۱۹۹… جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئی تو اُس وقت آپ کی عم تریسٹھ سال تھی۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ماہِ ربیع الاوّل سنہ ۱۱ ہجری کی بارہ تاریخ سوموار والے دن سورج کے زوال کے وقت ہوئی تھی۔((إِنَّا لِلّٰہِ وَإِنَّا إِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔)) س:۲۰۰… خلفائے راشدین اور اُمہات المؤمنین علیہ السلام میں سے کن کن اصحاب کی عمریں نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر کے برابر ہوئی تھیں ؟ ج:۲۰۰… خلفائے راشدین میں سے(۱)اوّل خلیفہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سیّدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ،(۲)اوّل امیر المؤمنین ثانی خلیفہ راشد سیّدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ اور(۳)سیّدنا امیر المؤمنین سیّدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہم کی عمر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرح تریسٹھ سال ہوئی تھی۔ جبکہ اُمہات المؤمنین والمؤمنات میں سے اُمّ المؤمنین سیّدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی عمر مبارک تریسٹھ سال ہوئی تھی۔