کتاب: نبی مصطفٰی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جامع سیرت - صفحہ 179
گئی اور یہود و نصاریٰ اور ھنود و مجوس کی راہ پر چل کھڑی ہوئی۔)
س:۱۹۵… وفات کے وقت نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حالت و کیفیت کو بیان کریں ؟
ج:۱۹۵… رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب سکرات الموت کی شدت محسوس فرمارہے تھے، اس وقت آپ کے سامنے پانی کا ایک برتن رکھا ہوا تھا، جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا دست مبارک داخل کرتے اور اس سے اپنے چہرۂ مبارک کو تر کرتے جاتے تھے۔ اور پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے جاتے تھے:((لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ اِنَّ لِلْمَوْتِ سَکَرَاتُ الْمَوْتِ۔))… ’’ ایک اللہ عزوجل کے سوا کوئی سچا معبودِ برحق نہیں اور بلاشبہ موت کی بے ہوشیاں ہوا کرتی ہیں۔ ‘‘
س:۱۹۶… وہ کون سے الفاظ ہیں کہ جنھیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیاتِ طیبہ کے بالکل اختتام پر وفات سے پہلے فرمایا تھا؟
ج:۱۹۶… نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبانِ مبارک سے اپنی حیاتِ طیبہ کے بالکل اختتام پر یہ الفاظ ادا ہوئے تھے:((اَللّٰھُمَّ الرَّفِیْقِ الْأَعْلیٰ۔))
س:۱۹۷… مرض الموت میں نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی اُمت کو جو نہایت روشن اور شاندار وصیت فرمائی وہ کیا تھی؟
ج:۱۹۷… رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی اُمت کو اپنی حیاتِ طیبہ کے بالکل اختتام پر جو نہایت روشن اور پائدار وصیت فرمائی، وہ یہ تھی:
((أَ لَا فَلَا تَتَّخِذُوْا الْقُبُوْرَ مَسَاجِدَ، إِنِّيْ أَنْھَاکُمْ عَنْ ذٰلِکَ، وَقَوْلُہُ:اَلصَّلَاۃُ وَمَا وَمَلَکتْ أَیْمَانُکُمْ۔))
’’ خبردار اے اُمت اسلامیہ کے لوگو! قبروں کو مسجدیں نہ بنالینا(کہ جہاں عبادت اور ذکر و اذکار ہوتے ہیں)تم لوگوں کو اس سے منع کر رہا ہوں۔ ‘‘
اور پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا:
’’ نماز کو ہمیشہ قائم کرنا اور اپنے ماتحت(خادموں اور غلاموں)کا ہمیشہ خیال رکھنا، اُن کے حقوق ادا کرتے رہنا۔ ‘‘