کتاب: نبی مصطفٰی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جامع سیرت - صفحہ 163
پیغمبروں کا ختم کرنے والا اور اللہ تعالیٰ سب کو جانتا ہے۔ ‘‘ س:۱۷۹… کیا سیّد الجنۃ والبشر خاتم الانبیاء والرسل محمد النبی الکریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر سابقہ آسمانی کتابوں میں پایا جاتا ہے؟ اس کی دلیل قرآنِ مجید سے پیش کریں ؟ ج:۱۷۹… جی ہاں ! نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر، آپ کے اوصاف اور آپ کا نام سابقہ الہامی و آسمانی کتب میں پوری صراحت سے موجود تھا۔ اس کی دلیل قرآن میں یوں ہے:(تورات و انجیل میں اگرچہ یہود ونصاریٰ نے بغض و عناد میں تحریف کرکے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اوصاف اور آپ کا ذکر اپنی کتب سے مٹانے کی پوری کوشش کی ہے، مگر پھر بھی بعض اشارات ابھی تک موجود ہیں، جن کا ذکر اگلے دو سوالات میں آرہا ہے۔ فی الحال ہم قرآن کا مطالعہ کرتے ہیں۔)اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ﴿اَلَّذِیْنَ یَتَّبِعُوْنَ الرَّسُوْلَ النَّبِیَّ الْاُمِّیَّ الَّذِیْ یَجِدُوْنَہٗ مَکْتُوْبًا عِنْدَھُمْ فِی التَّوْرٰۃ وَالْاِنْجِیْلِ یَاْمُرُھُمْ بِالْمَعْرُوْفِ وَیَنْھٰھُمْ عَنِ الْمُنْکَرِ وَیُحِلُّ لَھُمُ الطَّیِّبٰتِ وَیُحَرِّمُ عَلَیْھِمُ الْخَبٰٓئِثَ وَیَضَعُ عَنْھُمْ اِصْرَھُمْ وَالْاَغْلٰلَ الَّتِیْ کَانَتْ عَلَیْھِمْ فَالَّذِیْنَ اٰمَنُوْ بِہٖ وَعَزَّرُوْہُ وَنَصَرُوْہُ وَاتَّبَعُوا النُّوْرَ الَّذِیْٓ اُنْزِلَ مَعَہٗٓ اُولٰٓئِکَ ھُمُ الْمُفْلِحُوْنَ o﴾(الاعراف:۱۵۷) ’’ یہ لوگ وہ ہیں جو اُس پیغمبر اَن پڑھ نبی(یعنی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم)کی پیروی کرتے ہیں جس کا ذکر اپنے پاس تورات اور انجیل میں لکھا ہوا پاتے ہیں، وہ اُن کو اچھے کام کرنے کا حکم دیتا ہے اور برے کاموں سے منع کرتا ہے اور ستھری(پاکیزہ)چیزیں اُن کے لیے حلال کرتا ہے اور پلید(ناپاک)چیزیں اُن پر حرام کرتا ہے اور اُن پر سے بوجھ اُتار دیتا ہے اور وہ پھندے(کھول دیتا ہے)جو ان پر پڑے تھے، پھر جو لوگ اس پیغمبرؐ پر ایمان لائے اور اُس کی عزت کی اور اُس کی مدد کی اور اُس نور پر چلے جو اُس کے ساتھ اُتارا گیا، یہی لوگ مراد پانے والے ہیں۔ ‘‘