کتاب: نبی مصطفٰی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جامع سیرت - صفحہ 151
س:۱۶۹… وہ کون سے پیغمبر صاحب صلی اللہ علیہ وسلم ہیں کہ؛ جن کے متبعین کی تعداد قیامت والے دن سب سے زیادہ ہوگی؟ اور وہ کون سے پیغمبر صاحب ہیں علیہ الصلوٰۃ والسلام کہ جن کے ہاتھ میں قیامت والے دن ’’ لواء الحمد ‘‘ ہوگا؟ اور کون صاحب ہیں جو سب سے پہلے جنت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے؟ ج:۱۶۹… وہ محترم و مکرم نبی کہ جن کے اُمتی و متبعین قیامت والے دن تمام انبیاء کی سب اُمتوں سے تعداد(اور نیکیوں میں بھی)سب سے زیادہ اور جن کے ہاتھ میں ’’ لواء الحمد ‘‘… اللہ کی حمد و ثنائے جمیل کا جھنڈا ہوگا اور وہی اعلیٰ و ارفع مرتبہ و مقام و درجہ والے اللہ کے حبیب و خلیل بندے اور رسول کہ جو سب سے پہلے جنت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے وہ نبی ختم الرسل محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہی ہوں گے۔ س:۱۷۰… نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اُمت میں سے اُن لوگوں کی تعداد کتنی ہوگی جو بغیر حساب کتاب کے جنت میں داخل کیے جائیں گے؟ اور اُن کو عذاب بھی نہیں ہوگا؟ ان کا وصف کیا ہوگا؟ ج:۱۷۰… سیّد الکونین محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اُمت میں سے وہ لوگ جو بغیر کوئی حساب دیے اور بغیر کوئی سزا لیے جنت میں جا داخل ہوں گے، اُن کی تعداد ستر ہزار ہوگی(بلکہ ستر ہزار × ستر ہزار ہوگی)اور یہ وہ لوگ ہوں گے جو دنیا میں نہ ہی فال وغیرہ نکالتے، نکلواتے ہیں، نہ ہی بیماریوں اور مصائب کے وقت دم، جھاڑ پھونک کرواتے ہیں، نہ ہی وہ لوہا گرم کرکے کسی بیماری کے علاج کی خاطر اپنے جسم کو داغتے ہیں، بلکہ وہ ہر حال میں اپنے رب پر ہی توکل، بھروسہ کرتے ہیں،(اس قدر اُن کا ایمان پختہ ہوتا ہے)۔ ‘‘[1] س:۱۷۱… جب کھانا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب رکھ دیا جاتا تو آپ کیا پڑھتے تھے؟ اور جب آپ کھانے اور پینے کی کسی چیز سے فارغ ہوتے تو کیا پڑھتے تھے؟ اور اُس وقت کیا پڑھتے جب دستر خوان اُٹھالیا جاتا تھا؟
[1] صحیح البخاري/ حدیث: ۶۴۷۲/ کتاب الرقاق۔