کتاب: نبی مصطفٰی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جامع سیرت - صفحہ 130
س:۱۵۸… کس کس کام کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دایاں ہاتھ استعمال کرتے اور کون سے کاموں کے لیے آپ اپنا بایاں ہاتھ استعمال کرتے تھے؟
ج:۱۵۸… نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم حسب استطاعت:طہارت(وضوء، غسل وغیرہ)حاصل کرنے، جوتا پہنتے وقت، کنگھی کرتے وقت، کھانے کے وقت کھانے میں، پینے میں، کپڑے پہنتے وقت، کوئی چیز لیتے اور دیتے ہوئے، مسجد اور گھر میں داخل ہوتے وقت جیسے اُمور میں دائیں طرف اور دائیں ہاتھ، پاؤں کو ترجیح دینا پسند کرتے تھے۔ علاوہ ازیں دیگر اُمور(جیسے کہ مسجد سے باہر نکلنا، گھر سے باہر نکلتے وقت، بیت الخلاء میں داخل ہوتے وقت وغیر ذلک من الامور)میں بایاں ہاتھ، بایاں قدم اور بائیں طرف استعمال کرتے تھے۔
س:۱۵۹… جب نبی معظم صلی اللہ علیہ وسلم کو کوئی مشکل معاملہ پیش آتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کیا کرتے تھے؟
ج:۱۵۹… رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جب کوئی مشکل پیش آتی تو آپ فوراً وضو کرکے نماز کے لیے کھڑے ہوجاتے اور دو یا چار رکعات نماز پڑھ لیتے۔ جس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو راحت مل جاتی تھی۔ اسی لیے آپ جناب بلال رضی اللہ عنہ کو فرماتے:بلال! نماز کے لیے اقامت کہو اور ہمیں اس نماز کے ذریعے راحت پہنچاؤ۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم یوں بھی فرماتے تھے:((وَجُعِلَتْ قُرَّۃُ عَیْنِيْ فِی الصَّلَاۃِ۔))…’’ میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز میں رکھی گئی ہے۔ ‘‘
س:۱۶۰… اس میں کوئی شک نہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک متواضع شخصیت تھے، اس ضمن میں چند ایک مثالیں پیش کیجیے؟
ج:۱۶۰… نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک انتہائی متواضع شخصیت تھے۔ آپ کے اس خلق عظیم و کریم پر بے شمار دلائل قرآن و سنت میں موجود ہیں، جن میں سے چند ایک درج کیے دیتے ہیں:
(۱) سیّدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: