کتاب: نبی مصطفٰی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جامع سیرت - صفحہ 129
س:۱۵۵… رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جب کوئی اللہ کی طرف سے آسانی والا معاملہ پہنچتا کہ جس سے آپ کو خوشی ہوتی تو آپ کیا کہتے تھے؟ اور جب کوئی ایسا معاملہ درپیش ہوتا کہ جسے آپ ناپسند کرتے تو اُس وقت آپ کیا کہتے تھے؟
ج:۱۵۵… جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کوئی ایسا معاملہ آجاتا کہ جس سے آپ کو خوشی حاصل ہوتی تو آپ یوں کہتے:((اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ بِنِعْمَتِہٖ تَتِمُّ الصَّالِحَاتُ۔))… ’’ ہر طرح کی حمد و ثنائے جمیل اس اللہ وحدہ لاشریک لہ کے لیے ہے کہ جس کی نعمت و توفیق سے صالحات(نیک اعمال)اختتام کو پہنچتے ہیں۔ اور اگر کوئی ایسا معاملہ پیش آتا کہ جسے آپ ناپسند کرتے ہوتے تو فرماتے:((اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ کُلِّ حَالٍ۔))… ’’ ہر حال میں اللہ ہی کی حمد و ثنائے جمیل ہے۔ ‘‘ [1]
س:۱۵۶… نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشی کے وقت ہنسی کس طرح ہوتی تھی؟
ج:۱۵۶… اُمّ المؤمنین سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ؛ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کبھی پورا ہنستے(کھل کھلا کر قاہ قاہ کرکے ہنسنا)نہیں دیکھا۔ کہ جس سے میں آپ کا کوا دیکھ لیتی۔ بلکہ آپ کا ہنسنا تو مسکرانا ہوتا تھا۔ [2]
س:۱۵۷… نبی معظم، رسولِ فطرت صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک سب سے پسندیدہ رنگ کون کون سے تھے؟
ج:۱۵۷… رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زیادہ سفید اور سبز رنگ پسند تھے۔(اس لیے کہ قرآن میں جنتیوں کے لباسوں کا ایسا ہی ذکر آیا ہے۔)
[1] سنن ابن ماجہ۔
[2] صحیح البخاري/ حدیث: ۶۰۹۱، کتاب الادب۔