کتاب: نبی مصطفٰی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جامع سیرت - صفحہ 126
تھی؟ اور اس کی پہچان کیا تھی؟
ج:۱۵۰… سیّد الانبیاء وخاتم المرسلین محمد المصطفیٰ من الاوّلین والآخرین صلی اللہ علیہ وسلم کے دونوں کندھوں کے مابین ختم نبوت کا نشان تھا۔ اور یہ کبوتری کے انڈے کی مانند سرخ رنگ کی گوشت کی اُبھری ہوئی ایک گرہ تھی۔
س:۱۵۱… کیا نبی معظم و معلم انسانیت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خود لکھ پڑھ سکتے تھے؟ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اُمی(ناخواندہ)ہونے میں اللہ کی جانب سے حکمت کیا تھی؟
ج:۱۵۱… معلم انسانیت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خود نہ لکھ سکتے تھے اور نہ ہی پڑھ سکتے تھے۔ آپ ناخواندہ تھے۔(کسی بھی انسان اور جن سے آپ نے پڑھنا لکھنا نہیں سیکھا تھا۔)اور یہ وصف آپ کی نبوت کے لیے معجزات میں شمار ہوتا ہے۔ اگر آپ لکھ، پڑھ سکتے ہوتے تو قرآن کا انکار کرنے والے کہتے کہ:یہ کلام تو محمد(صلی اللہ علیہ وسلم)نے اپنے سے پہلے نبیوں کے کلام سے نقل کرکے لکھ لیا ہے۔ اسی بات کو اللہ عزوجل یوں بیان فرماتے ہیں:
﴿وَمَا کُنْتَ تَتْلُوْا مِنْ قَبْلِہٖ مِنْ کِتٰبٍ وَّلَا تَخُطُّہٗ بِیَمِیْنِکَ اِذًا لَّارْتَابَ الْمُبْطِلُوْنَ o بَلْ ھُوَ اٰیٰتٌم بَیِّنٰتٌ فِیْ صُدُوْرِ الَّذِیْنَ اُوْتُوا الْعِلْمَ وَمَا یَجْحَدُ بِاٰیٰتِنَآ اِلاَّ الظّٰلِمُوْنَ o﴾(العنکبوت:۴۸۔۴۹)
’’ اور(اے پیغمبرؐ)قرآن(اترنے)سے پہلے نہ تو تو کوئی پڑھ سکتا تھا اور نہ اپنے ہاتھ سے اُس کو لکھ سکتا تھا(کیونکہ تو اُمی تھا نہ پڑھا لکھا)اگر پڑھا لکھا ہوتا تو یہ جھوٹے(دغا باز)ضرور شبہ کرتے۔ بات یہ ہے کہ یہ قرآن کیا ہے۔ کھلی کھلی آیتیں ہیں ان لوگوں کے سینوں میں جن کو(اللہ کی طرف سے)علم دیا گیا ہے اور ہماری آیتوں کو وہی نہیں مانتے جو بے انصاف ہیں۔‘‘
س:۱۵۲… نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی چال کیسی تھی؟
ج:۱۵۲… سیّدنا ابوہریرہ عبدالرحمن بن صخر الدوسری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ:’’میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بڑھ کر کسی کو تیز رفتار نہیں دیکھا۔ لگتا تھا زمین آپ صلی اللہ علیہ وسلم