کتاب: نبی مصطفٰی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جامع سیرت - صفحہ 118
تھے۔ لیکن بات یہ ہے کہ میں اپنے بارے میں رومیوں سے خوفزدہ ہوں۔ اگر یہ معاملہ نہ ہوتا تو میں ان کی اطاعت ضرور کرتا۔ چنانچہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اُس کے خلاف دعا نہ کی کہ:اللہ اس کی حکومت پارہ پارہ کردے۔ اس لیے قیصر روم ہرقل کی بادشاہی اس کی وفات کے بعد بھی قسطنطنیہ میں قائم رہی حتی کہ ملک شام کے تمام علاقے اسلامی سپاہ کے ہاتھوں فتح ہوجانے کے بعد یہ شہر(رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات سے کم و بیش ستر سال بعد)فتح ہوا۔ س:۱۳۳… نبی الملحمہ سیّد الانس والجنہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مشہور تلوار کا نام کیا تھا؟ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشہور جھنڈے کا نام کیا تھا؟ ج:۱۳۳… نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مشہور تلوار کا نام ’’ ذوالفقار ‘‘ تھا کہ جس کا ذکر کسی شاعر نے یوں کیا ہے: لَا سَیْفَ إِلَّا ذُوالْفِقَارِ وَلَا فَتًی إِلَّا عَلِيٌّ ’’ دنیا میں اگر کوئی تلوار(کارگر)ہے تو وہ صرف ذوالفقار ہے اور اگر کوئی(بہادر، شجاع)نوجوان ہے تو وہ صرف علی بن ابوطالب ہے۔(رضی اللہ عنہ وارضاہ)‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس چند اور تلواریں بھی تھیں، جن کے نام کچھ یوں ہیں:ماثور، العضب،(تیزدھار والی تلوار)البتار،(کاٹ دار تلوار)القلعي،(سفید چمکدار تلوار)، الحتف(موت کے گھاٹ اتارنے والی تلوار)الرسوب(اندر تک گھس جانے والی تیز تلوار)القضیب۔ جبکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے جھنڈے کا نام ’’ عقاب ‘‘ تھا اور اس کا رنگ سیاہ تھا(دھاری دار سیاہ)۔ س:۱۳۴… اس یہودیہ کا نام کیا تھا جس نے ایک بکری کے پکے ہوئے گوشت میں زہر ملا کر اسے نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو بطورِ ہدیہ پیش کیا تھا؟ اس کے خاوند کا نام کیا تھا؟ اور اس صحابی کا نام کیا تھا، جس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ اس گوشت کو کھایا اور وہ اسی زہر کے اثر سے فوت ہوگئے تھے؟ ج:۱۳۴… جس یہودیہ عورت نے ایک پکی ہوئی بکری کے گوشت میں زہر ملا کر نبی