کتاب: نبی مصطفٰی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جامع سیرت - صفحہ 109
﴿یٰٓـاَیُّہَا النَّاسُ اِنَّا خَلَقْنٰکُمْ مِّنْ ذَکَرٍ وَّاُنثَی وَجَعَلْنٰکُمْ شُعُوبًا وَّقَبَآئِلَ لِتَعَارَفُوْا اِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِنْدَ اللّٰہِ اَتْقٰکُمْ اِنَّ اللّٰہَ عَلِیْمٌ خَبِیْرٌ o﴾ (الحجرات:۱۳) ’’ اے لوگو! ہم نے تمھیں ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا اور تمھیں قوموں اور قبیلوں میں تقسیم کیا، تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچان سکو۔ تم میں اللہ کے نزدیک سب سے باعزت وہی ہے جو سب سے زیادہ متقی ہو۔ بیشک اللہ جاننے والا اور خبر رکھنے والا ہے۔ ‘‘ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ قریش کے لوگو! تمہارا کیا خیال ہے میں تمہارے ساتھ کیسا سلوک کرنے والا ہوں ؟ ‘‘ انھوں نے کہا:’’ اچھا! آپ کریم بھائی ہیں۔ اور کریم بھائی کے صاحبزادے ہیں۔ ‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ تو میں تم سے وہی بات کہہ رہا ہوں جو حضرت یوسف علیہ السلام نے اپنے بھائیوں سے کہی تھی کہ((لَا تَثْرِیْبَ عَلَیْکُمُ الْیَوْمَ۔))… ’’ آج تم پر کوئی سرزنش نہیں، جاؤ تم سب آزاد ہو۔ ‘‘ اس واقعہ سے ہمیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عاداتِ مبارکہ میں جود و کرم اور مقدرت کے وقت عفوو درگزر کرنے کا درس ملتا ہے۔ س:۱۲۲… کون کون سے غزوات میں اللہ کے فرشتے نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ اللہ کے دشمنوں سے لڑے تھے؟ ج:۱۲۲… نبی الملحمہ(رب کے دشمنوں سے غزوات کرنے والے نبی)محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مل کر اللہ کے بھیجے ہوئے فرشتے درج ذیل غزوات میں کفار و مشرکین سے لڑے تھے:… غزوۂ بدر الکبریٰ اور جنگ حنین… میں۔ س:۱۲۳… کون سے غزوہ میں نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے منجنیق کا استعمال کیا تھا؟ ج:۱۲۳… رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ماہِ شوال سنہ ۸ ہجری میں لڑی جانے والی جنگ طائف میں منجنیقؔ کا استعمال کیا تھا۔