کتاب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیل ونہار - صفحہ 39
مجھے جھوٹا کہیں گے لہٰذا میں نے سچی سچی باتیں بتائیں۔ قیصر نے اپنے ترجمان سے کہا: اس سے کہو اس شخص کا نسب تم میں کیسا ہے؟ میں نے کہا: وہ ہم میں نسب والا ہے اس نے کہا: کیا تم میں اس سے پہلے بھی کسی نے(دعویٰ نبوت کیا ہے؟ یا)ایسی بات کہی ہے۔میں نے کہا: نہیں، اس نے کہا: کیا تم اس دعویٰ سے پہلے اسے جھوٹا قرار دیتے تھے؟ میں نے کہا: نہیں۔ اس نے کہا: کیا اس کے آباو اجداد میں سے کوئی بادشاہ بھی تھا؟ میں نے کہا: نہیں۔اس نے کہا: کیا امیر(اور طاقت ور)لوگ اس کی اتباع کررہے ہیں یا کمزور(وغریب)؟ میں نے کہا: کمزور(وغریب)اس نے کہا: یہ لوگ زیادہ ہورہے ہیں یا کم؟ میں نے کہا :زیادہ ہورہے ہیں۔اس نے کہا: کیا کوئی شخص اس کے دین میں داخل ہونے کے بعدغضبناک ہوکر مرتد ہوا ہے؟ میں نے کہا: نہیں، اس نے کہا: کیا وہ غدر(وعدہ خلافی اور دھوکا)بھی کرتا ہے؟ میں نے کہا: نہیں، اور ہم نے آج(کل)اس سے ایک وقت تک معاہدہ کررکھا ہے ہمیں ڈر ہے کہ وہ غدر کرے گا۔ ابوسفیان نے کہا: مجھے آپ کی تنقیص میں اس بات کے علاوہ کچھ کہنے کا موقع ہی نہیں ملا۔مجھے اس بات کا ڈر نہیں تھا کہ اس کلام کے علاوہ کوئی دوسری بات میری طرف سے منسوب کی جائے گی اس نے کہا: کیا تم نے اس سے اوراس نے تم سے جنگ کی ہے؟ میں نے کہا: جی ہاں، اس نے کہا:اس کی تم سے اور تمھاری اس سے جنگ(بلحاظ نتیجہ)کیسی رہی ؟ میں نے کہا: جس طرح(کنویں کے)چھوٹے بڑے ڈول ہوتے ہیں۔کبھی اسے ہم پر غلبہ ہوتا رہا ہے اور کبھی ہمیں اس پر غلبہ ہوتارہا ہے۔ اس نے کہا: وہ تمھیں کس بات کا حکم دیتا ہے؟ میں نے کہا: وہ ہمیں حکم دیتا ہے کہ ہم ایک اللہ کی عبادت کریں، اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں۔ہمارے باپ دادا جو عبادت کرتے تھے وہ ہمیں اس سے منع کرتا ہے اورہمیں نماز، صدقہ، پرہیزگاری، وعدہ پورا کرنے اور امانتیں ادا کرنے کا حکم دیتا ہے۔ جب میں نے یہ بات کہی تو اس نے اپنے ترجمان سے کہا: اس سے کہو، میں نے تجھ سے اس کے نسب کے بارے میں پوچھا تو تُو نے کہا :وہ نسب والا ہے۔اسی طرح رسول اپنی قوم کے نسب میں پیدا ہوئے ہیں۔میں نے تجھ سے پوچھا کہ کیا تم میں کسی نے اس سے پہلے یہ بات کہی ہے تو تونے کہا:نہیں، میں نے کہا: اگر کوئی شخص تم میں سے پہلے یہ بات کہتا ہوتا تو میں کہتا کہ اپنے سے پہلے کسی کے قول کی پیروی کررہا ہے اور میں نے تجھ سے پوچھا کہ کیا تم اس(دعویٰ)سے پہلے اسے جھوٹا سمجھتے تھے تو تونے کہا: نہیں، پس مجھے معلوم ہوگیا کہ جو شخص لوگوں پر جھوٹ نہیں بول سکتا وہ اللہ پر کس طرح جھوٹ بول سکتا ہے؟