کتاب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیل ونہار - صفحہ 266
تعجب ہوا۔اس نے کہا: اے ام معبد! یہ دودھ تیرے پاس کہاں سے آگیا؟ بکریاں تو ہمارے پاس تھیں اور گھر میں دودھ دینے والی کوئی بکری نہیں ہے اس نے کہا: نہیں اللہ کی قسم! ایک مبارک آدمی ہمارے(گھر کے)پاس سے گزرا۔اس کی حالت ایسی ایسی تھی۔اس نے کہا: اے ام معبد! اس آدمی کی صفت بیان کر تو ام معبد نے کہا: میں نے ایسا آدمی دیکھاجس کا چمکتا رنگ ، تابناک چہرہ، نہ موٹاپے کا عیب اور نہ گنجے پن کی خامی، خوبصورت اور دلکش سراپا، سرمئی آنکھیں، لمبی پلکیں، لمبے بال، پیاری آواز، لمبی گردن، گھنی داڑھی، ملی ہوئی بھنویں اگر خاموش ہوں تو پروقار اور جب بات کریں تو پرکشش، دور سے دیکھیں تو سب سے خوبصورت اور نزدیک سے دیکھیں تو انتہائی حسین اور میٹھا۔گفتگو میں چاشنی کھلی اور صاف بات، نہ(بہت)مختصر نہ فضول، آپ کی باتوں کا انداز ایسا تھا جیسا کہ لڑی سے موتی جھڑ رہے ہیں، میانہ قد ایسے کہ نہ ان کی لمبائی ناگوار ہو اور نہپست قد(آپ درمیانے قد کے تھے)دو شاخوں کے درمیان ایسی شاخ کی طرح ہیں جو انتہائی تروتازہ اور جاذب نظر ہوتی ہے۔آپ کی قدر سب سے زیادہ سے بہتر ہے۔آپ کے ساتھی آپ کے گرد حلقہ بنا کر بیٹھے رہتے ہیں۔آپ جب بات کرتے ہیں تو وہ خاموش رہتے ہیں اور جب حکم دیتے ہیں تو دوڑ کر اس پر عمل کرتے ہیں۔آپ کی اطاعت کی جاتی ہے اور بزرگی والے ہیں۔نہ ترش رو ہیں اور نہ بے ہودہ گو۔ ابومعبد نے(یہ سن کر)کہا: اللہ کی قسم، وہ تو قریش والا آدمی ہے جس کا معاملہ مکہ میں مشہور ہے۔میرا ارادہ ہے کہ میں اس کا صحابی بن جاؤں اور اگر مجھے اس کا راستہ مل گیا تو ایسا ضرور کروں گا۔مکہ میں اونچی آواز سے کوئی کہہ رہا تھا۔لوگ آواز سنتے تھے مگر آواز دینے والے کو نہیں جانتے تھے۔وہ کہہ رہا تھا: اللہ رب العالمین ان دو دوستوں کو جزائے خیر دے جنھوں نے ام معبد کے خیموں میں قیلولہ کیا تھا۔ وہ دونوں اس کے پاس ہدایت لے کر اترے تھے تو اس(ام معبد)نے ہدایت قبول کرلی بے شک وہ شخص کامیاب ہے جو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا ساتھی بنا۔ پس اے آل قصی! اللہ نے تم سے سرداری اور نیک افعال ختم نہیں کیے۔ بنوکعب کو ان کی لڑکی کی وجہ سے مبارک ہو جس کا گھر مومنوں کے لیے پناہ گاہ ہے۔ اپنی بہن سے پوچھواس کی بکری اور برتن کا کیا ہوا؟ پس تم اگر بکری سے پوچھو تو وہ گواہی دے دے گی۔ اس نے ایسی بکری بلائی جو دودھ دینے والی نہیں تھی۔اسے دوہا تو تھنوں سے جھاگ اور دودھ بہنے لگا۔ اس نے جلدی اسے دوہنے والے کے پاس رہن رکھ دیا جو اسے اس کے مصدر اور چراگاہ میں لوٹا دے گا۔