کتاب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور اس کی علامتیں - صفحہ 27
’’اس بات کو اچھی طرح سمجھ لیجیے، کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تابعداری کرنے اور نافرمانی ترک کرنے کا، ارادہ ہے اور یہ اسلام کے واجبات میں سے ہے۔‘‘[1] مذکورہ بالا اقوال سے ہم رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کی درجِ ذیل علامتیں اخذ کرسکتے ہیں: ۱: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دیدار اور صحبت کی شدید تمنا۔ ۲: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر جان اور مال نچھاور کرنے کے لیے ہمہ وقت کامل استعداد۔ ۳: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اوامر کی تعمیل اور نواہی سے اجتناب۔ ۴: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی حمایت و تائید اور آپ پر نازل کردہ شریعت کا دفاع۔ جس شخص میں یہ نشانیاں موجود ہوں، وہ اللہ عزوجل کا شکریہ ادا کرے، کہ انہوں نے اس کے سینے میں اپنے حبیب کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت ڈالی۔علاوہ ازیں اُن سے یہ التجا بھی کرتا رہے، کہ یہ نعمت ہمیشہ اُسے میسر رہے۔ اگر کسی میں یہ ساری علامتیں یا اُن میں سے بعض علامتیں موجود نہ ہوں، تو وہ روزِ حساب سے قبل اپنا محاسبہ خود ہی کرلے، کہ اس دن سینوں میں چھپے ہوئے کھوٹ ظاہر ہوجائیں گے۔وہ اب اللہ تعالیٰ اور اہلِ ایمان کو دھوکا دینے کی بے کار کوشش نہ کرے، کہ اللہ تعالیٰ کو دھوکا دینے کی کوشش کرنے والا اپنے ہی آپ کو دھوکا دیتا ہے۔ {یُخٰدِعُوْنَ اللّٰہَ وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ مَا یَخْدَعُوْنَ اِلَّآ اَنْفُسَہُمْ وَ مَا یَشْعُرُوْنَ}[2] [اللہ تعالیٰ اور ایمان والوں کو دھوکا دیتے ہیں، حالانکہ وہ خود ہی دھوکے میں پڑے ہیں، اگرچہ اس کا شعور نہیں رکھتے۔]
[1] عمدۃ القاري ۱/۱۴۴۔ [2] سورۃ البقرۃ / الآیۃ ۹۔