کتاب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور اس کی علامتیں - صفحہ 114
ایک ضروری تنبیہ شانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے بیان میں راہِ اعتدال سے نہ ہٹنا یہاں اس بات کی تنبیہ کرنی ضروری ہے، کہ کچھ لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کی آڑ میں راہِ اعتدال سے ہٹ جاتے ہیں۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ایسے اوصاف بیان کرتے ہیں، جن کا ذکر نہ اللہ تعالیٰ نے کیا ہے اور نہ خود آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے۔بلکہ بعض لوگ تو اس بارے میں اس حد تک بے اعتدالی کا شکار ہوتے ہیں، کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے ایسی صفات کا ذکر کرتے ہیں، جو صرف اللہ تعالیٰ ہی کے لیے خاص ہیں۔ اگر اُن حضرات کو ایسی بے اعتدالی سے منع کیا جائے، تو وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے بے پناہ محبت کے دعویٰ کو اپنے حد سے بڑھنے کے لیے وجۂ جواز قرار دیتے ہیں۔روکنے والوں کو الزام دیتے ہیں، کہ اُن کے دل آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت سے خالی ہیں۔ وہ خود اس حقیقت سے چشم پوشی کرتے ہیں، کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی تعریف میں مبالغہ آرائی اور دروغ گوئی سے روکا ہے۔ چار احادیث: اس سلسلے میں ذیل میں چار احادیث شریفہ ملاحظہ فرمائیے: