کتاب: نبی رحمت ص کی راتیں - صفحہ 56
۱۰۔ہر چیز کے شر،قرض اور فقر و فاقے سے نجات کی دعا: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ اس حدیث کے راوی ہیں اور امام مسلم نے اسے روایت فرمایا ہے: سہیل (راوی حدیث) نے کہا کہ ابو صالح یحییٰ حکم دیتے تھے ....ابو صالح اس حدیث کو حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ اور وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے تھے....کہ جب ہم میں سے کوئی سونے کا ارادہ کرے تو وہ دائیں کروٹ پر سوئے،پھر یہ دعا پڑھے: ((أَللّٰہُمَّ رَبَّ السَّمٰوَاتِ وَرَبَّ الْأَرْضِ وَرَبَّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ،رَبَّنَا وَرَبَّ کُلِّ شَیْئٍ،فَالِقَ الْحَبِّ وَالنَّوَیٰ،مُنْزِلَ التَّوْرَاۃِ وَالْاِنْجِیْلِ وَالْفُرْقَانِ،أَعُوْذُبِکَ مِنْ شَرِّ کُلِّ شَیْئٍ أَنْتَآخِذٌ بِنَاصِیَتِہٖ،أَللّٰہُمَّ أَنْتَ الْأَوَّلُ فَلَیْسَ قَبْلَکَ شَیْئٌ وَأَنْتَ الْآخِرُ فَلَیْسَ بَعْدَکَ شَیْئٌ،وَأَنْتَ الظَّاہِرُ فَلَیْسَ فَوْقَکَ شَیْئٌ وَأَنْتَ الْبَاطِنُ فَلَیْسَ دُوْنَکَ شَیْئٌ اِقْضِ عَنَّا الدَّیْنَ وَأَغْنِنَا مِنَ الْفَقْرِ۔)) ’’اے اللہ! آسمانوں اور زمین کے رب،عرش عظیم کے رب،ہمارے اور ہر چیز کے رب! دانے اور گٹھلیوں کے پھاڑنے والے،توراۃ،انجیل اور فرقان (یعنی قرآن کریم) کے نازل کرنے والے (ہمارے پروردگار) میں آپ کی پناہ میں آتا ہوں ہر اس شے کے شر سے کہ جس کی پیشانی کو آپ تھامے ہوئے ہیں۔اے اللہ! آپ ہی اول ہیں اور آپ سے پہلے کچھ بھی تو نہ تھا اور آپ ہی آخر ہیں کہ آپ کے بعد تو سرے سے ہی کچھ نہیں۔آپ ظاہر ہیں کہ آپ سے بلند کچھ بھی نہیں اور باطن بھی آپ ہی ہیں کہ کچھ بھی تو آپ سے مخفی نہیں۔اے ہمارے رب! ہمارے اوپر سے ہمارا قرض اتار دیجیے اور ہمیں فقیری سے تونگری کی راہوں پر ڈال دیجیے۔‘‘