کتاب: نبی رحمت ص کی راتیں - صفحہ 52
ہیں جو لعل و جواہر سے زیادہ قیمتی اس وظیفے پر عمل کرتے ہیں۔ ۷۔سونے سے پہلے تسبیحات کا اہتمام جنت میں داخلے کا موجب: حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’دو خصلتیں ایسی ہیں کہ جو بندہ مسلمان ان کی محافظت کرتا ہے،وہ جنت میں داخل ہوگا۔وہ ہلکی سی ہیں اور جو عمل کرنے والے ہیں وہ قلیل ہیں۔(پہلی یہ کہ) ہر نماز کے بعد دس بار سبحان اللّٰہ،دس بار الحمد للّٰہ اور دس بار اللّٰہ اکبر پڑھنا ہے۔یہ ادا کرنے میں تو ڈیڑھ سو ہیں لیکن میزان میں ڈیڑھ ہزار ہیں۔(دوسری یہ کہ) جب کوئی سونے لگے تو ۳۴ مرتبہ اللّٰہ اکبر،۳۳ مرتبہ الحمد للّٰہ اور ۳۳ مرتبہ سبحان اللّٰہ پڑھ لے۔یہ پڑھنے میں تو سو ہیں لیکن میزان میں ایک ہزار ہیں۔‘‘ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہاتھ پر پڑھتے ہوئے دیکھا ہے۔صحابہ نے کہا: اے اللہ کے رسول! یہ کیسے ہے کہ وہ پڑھنے میں تو بے حد آسان ہیں لیکن ان کے پڑھنے والے بہت کم....؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تمہارے کسی کے پاس شیطان آتا ہے اور اسے ان کلمات کے پڑھنے سے پہلے ہی سلا دیتا ہے۔اور اس طرح نماز میں بھی آتا ہے اور اسے انہیں کہنے سے پہلے کوئی کام یاد کرا دیتا ہے۔‘‘[1] ہر نماز کے بعد دس دس باریہ کلمات پڑھے جائیں تو کل تیس ہوئے۔اس طرح پانچ نمازوں کے بعد ایک سو پچاس ہو گئے۔لیکن بندۂ مومن کے لیے یہ خوش نصیبی کی بات ہے کہ وہ کرے گا ایک اور پائے گا دس۔اس طرح ایک ہزار پانچ سو کی تعداد پوری ہوتی ہے۔
[1] سنن ابی داؤد،کتاب النوم،باب فی التسبیح عند النوم،حدیث: ۵۰۶۵۔اس کی سند حسن ہے۔