کتاب: نبی رحمت ص کی راتیں - صفحہ 42
۳۔معوذات کی تلاوت اور دَم: ام المومنین سیّدہ عائشہ صدیقہ سلام اللہ علیہا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا سوتے وقت کا معمول ذکر کرتے ہوئے بیان فرماتی ہیں کہ: ’’نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہر رات سونے کے لیے اپنے بستر پر محو استراحت ہوتے تو اپنی دونوں ہتھیلیوں کو ملا لیتے۔پھر ان پر پھونک مارتے اور قُلْ ہُوَ اللّٰہُ اَحَدٌ،قُلْ أَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور قُلْ أَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ ان پر پڑھتے (یعنی یہ سورتیں پڑھ کر ان پر دم کرتے) پھر اپنے جسد اطہر پر جہاں تک ممکن ہوتا،اپنے ہاتھ پھیرتے۔آپ اپنے سر مبارک اور چہرے سے اس کا آغاز فرماتے اور اپنے جسم کے سامنے والے حصے پر تین بار یہ عمل فرماتے۔‘‘[1] ۴۔دائیں رُخسار کے نیچے ہاتھ رکھ کر دُعا: حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما نے نبی محترم صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک اور معمول ذکر فرمایا ہے،وہ بیان کرتے ہیں کہ ’’رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم سونے کا ارادہ فرماتے تو اپنا (دایاں ) دست اقدس اپنے دائیں رخسار کے نیچے رکھ لیتے اور یہ دعا فرماتے: ((اَللّٰہُمَّ قِنِیْ عَذَابَکَ یَوْمَ تَبْعَثُ عِبَادَکَ)) ’’اے اللہ! مجھے (اس روز) اپنے عذاب سے محفوظ رکھئے،جس روز آپ اپنے بندوں کو اٹھائیں گے۔‘‘ علامہ البانی کہتے ہیں کہ یہ حدیث حضرت حذیفہ بن یمان اور ام المومنین سیّدہ حفصہ بنت عمر(رضی اللہ عنہم)سے بھی مروی ہے۔[2]
[1] صحیح بخاری،کتاب فضائل القرآن،باب فضل المعوذات،حدیث: ۵۰۱۷۔ [2] سلسلہ احادیث صحیحہ،جلد: ۳،حدیث: ۲۸۷۹۔