کتاب: نبی رحمت ص کی راتیں - صفحہ 41
باب 3 بستر پر جانے کے بعد معمولات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ۱۔دایاں ہاتھ دائیں رُخسار کے نیچے: حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ ’’نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب اپنے بستر پر لیٹتے تو اپنا (دایاں ) ہاتھ اپنے (دائیں ) رخسار کے نیچے رکھتے پھر فرماتے: ((اَللّٰہُم بِاسْمِک اَمُوت وَأحْیَاء)) ’’اے اللہ آپ کے نام سے مرتا ہوں اور آپ ہی کے نام پر زندہ ہوتا ہوں۔‘‘[1] ۲۔سورۃالسجدہ اور سورۃ الملک کی تلاوت: نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول امام ترمذی نے نقل کیا ہے کہ: ’’حضرت جابر رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ بلا شک و شبہ نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم الٓمٓ تنزیل (یعنی سورۃ السجدۃ) اور تَبَارَکَ الَّذِیْ بِیَدِہِ الْمُلْکُ (یعنی سورۃ الملک) پڑھے بغیر نہ سوتے۔‘‘[2] بعض احادیث مبارکہ میں سورۂ بنی اسرائیل اور سورۂ زمر کے متعلق بھی آیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سونے سے پہلے ان کی تلاوت بھی فرمایا کرتے تھے۔[3]
[1] صحیح بخاری،کتاب الدعوات،باب رفع الید الیمنی تحت الخد الایمن،حدیث: ۶۳۱۴۔ [2] جامع الترمذی،ابواب فضائل القرآن،باب ماجاء فی فضل سورۃ الملک،حدیث:۲۸۹۲۔شیخ البانی نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔ [3] جامع ترمذی،ابواب فضائل القرآن،باب قراء ۃ سورۃ بنی اسرائیل والزمر قبل النوم....،حدیث: ۲۹۲۰۔شیخ البانی نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔