کتاب: نبی رحمت ص کی راتیں - صفحہ 407
﴿وَ اِذْ قَتَلْتُمْ نَفْسًا فَادّٰرَئْ تُمْ فِیْہَا وَ اللّٰہُ مُخْرِجٌ مَّا کُنْتُمْ تَکْتُمُوْن() فَقُلْنَا اضْرِبُوْہُ بِبَعْضِہَا کَذٰلِکَ یُحْیِ اللّٰہُ الْمَوْتٰی وَ یُرِیْکُمْ اٰیٰتِہٖ لَعَلَّکُمْ تَعْقِلُوْنَ﴾ (البقرۃ: ۷۲،۷۳)
نقش کے چاروں اضلاع میں خلفاء راشدین کے اسماء گرامی درج ہیں اور چاروں کونوں میں یا جبرائیل،یا عزرائیل،یا اسرافیل،یا میکائیل درج ہے۔اس کے علاوہ لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ،لا الہ الا اللّٰہ ابراہیم خلیل اللّٰہ،لا الہ الا اللّٰہ موسی کلیم اللّٰہ،لا الہ الا اللّٰہ عیسیٰ روح اللّٰہ درج ہے۔
ہم اس بات پر بھی تبصرہ نہیں کرتے کہ جبرائیل علیہ السلام و دیگر ملائکہ کے اسماء حرف نداء کے ساتھ نقش کا حصہ بنانے کا مطلب کیا ہے؟ نہ ہی ہم ملک الموت کو عزرائیل کے نام سے پکارنے پر یہ سوال کریں گے کہ کس کتاب میں ملک الموت کا نام عزرائیل ہے۔اس لیے کہ ہم کم علم ان معرفت کی باتوں کو کیا جانیں۔
لیکن جو بات پوچھنے کی ہے وہ یہ کہ سوئی ہوئی عورت کے سینے پر نقش رکھنا کیسا ہو گا؟ کون یہ کام کرے گا؟ عورت کون ہو گی؟وہ نقش رکھنے والے کی ماں ہو گی یا بہن؟ بیوی ہو گی یا بیٹی؟ ظاہری بات ہے کہ سوئی ہوئی عورت برقعہ پہن کر،نقاب اوڑھ کر تو نہیں سو رہی ہو گی۔وہ تو اپنے شب خوابی کے لباس میں ہو گی یا عام کپڑوں میں۔اس حالت میں کیا شرعی اعتبار سے یہ مناسب ہو گا کہ اس کے سینے پر نقش رکھا جائے؟ اگر وہ شادی شدہ ہو تو چلیں یہ فرض کر لیتے ہیں کہ اس کا شوہر یہ نقش رکھ دے گا۔لیکن اگر کوئی شخص اپنی ماں،بہن یا بیٹی کی نیند کے دوران یہ عمل کرے تو کیسا لگے گا؟ ایسا سوچتے وقت ہی حیا آتی ہے۔مگر عملیات و تعویزات کی دنیا میں ان احساسات کا کیا کام؟ شاید اسی لیے یہ نقش عملیات کی کتب میں پایا جاتا ہے۔