کتاب: نبی رحمت ص کی راتیں - صفحہ 40
۵۔دوران سفر رات کے وقت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا سونے کا طریقہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سفر میں بھی آرام کرتے وقت عموماً اسی طرح دائیں کروٹ استراحت فرماتے،جس طرح آپ حضر میں آرام فرماتے۔بعض کتب حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس معمول کو علیحدہ سے درج کیا گیا ہے۔صحیح ابن خزیمہ میں حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ: ’’نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب رات کو (سفر میں ) آرام کرنے کے لیے لیٹتے تو دائیں پہلو پر لیٹتے اور جب صبح سے پہلے آرام فرماتے تو اپنے دونوں ہاتھوں کو (کہنیوں کے بل) کھڑا کر لیتے اور اپنے ہاتھوں پر اپنا سر مبارک رکھ دیتے۔‘‘[1] ۶۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا مسجد میں چت لیٹنا: عباد بن تمیم اپنے چچا سے یہ حدیث نقل کرتے ہیں کہ ’’انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو مسجد نبوی میں چت لیٹے ہوئے دیکھا،اس طرح کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک پاؤں دوسرے پاؤں کے اوپر تھا۔‘‘[2] ٭٭٭
[1] صحیح ابن خزیمہ،کتاب المناسک،باب صفۃ النوم فی العرس،حدیث: ۲۵۵۸۔اس کی سند صحیح ہے۔ [2] جامع الترمذی،کتاب الاستیئذان و الادب باب ما جاء فی وضع احدی الرجلین علی الاخری مستلقیا،حدیث: ۲۷۶۵۔یہ حدیث صحیح ہے۔