کتاب: نبی رحمت ص کی راتیں - صفحہ 269
جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے چچا عباس رضی اللہ عنہ کی رفاقت میں رات کے اندھیرے میں مدینہ والوں کی ملاقات اور بیعت کے لیے گھاٹی کی طرف جارہے ہوں گے،اس وقت حضرت آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دل و دماغ کی کیا کیفیت ہو گی؟ آپ آنے والے لمحات کے بارے میں کیا کیا نہیں سوچ رہے ہوں گے؟ اس لیے کہ یہ آپ کی تیرہ سال کی جدو جہد میں ایک انقلابی موڑ تھا۔اور جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم بیعت کے بعد واپس لوٹ رہے ہوں گے،اس وقت آپ کا قلب اطہر کس قدر مطمئن اور مسرور ہو گا....سبحان اللہ! میں اپنے آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام اور ان کے رفقائے ذی وقار پر قربان۔ان لوگوں کی خوش بختی پر جتنا بھی رشک کیا جائے،کم ہے،جو اس رات نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نرم و ملائم ہاتھوں میں اپنا ہاتھ دے رہے تھے اور یہ عہد کر رہے تھے کہ آقا! جہاں آپ کا پسینہ گرے گا....نہیں،نہیں،ہم آپ کا پسینہ بھی گرنے کی نوبت نہیں آنے دیں گے....ہمارا خون پہلے گرے گا۔رضی اللہ عنہم ورضوا عنہ۔
اللہ تعالیٰ ان نفوس قدسیہ سے ہمیشہ کے لیے راضی ہو گیا جنہوں نے اپنا سب کچھ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر قربان کر دیا۔سیرت النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی ان یادگار اور بابرکت ساعتوں کا تذکرہ حضرت کعب رضی اللہ عنہ کی بات پر سمیٹتا ہوں۔وہ بیان کرتے ہیں :
’’میں بارگاہِ نبوت میں بیعت عقبہ کی رات حاضر تھا اور ہم نے اسلام پر ثابت قدم رہنے کی بیعت کی تھی۔لوگ تو بدر میں حاضری کو زیادہ پسند کرتے ہیں لیکن میرے نزدیک بیعت عقبہ میں موجودگی بدر کی حاضری سے بھی زیادہ پسندیدہ ہے۔‘‘[1]
[1] صحیح بخاری،کتاب فضائل اصحاب النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم،باب وفود الانصار الی النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم بمکۃ و بیعۃ العقبۃ،حدیث: ۳۸۸۹۔